آسٹریلیا نے سری لنکا کو 7 وکٹ سے شکست دیدی

آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر نے 65 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی

آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹاک، پیٹ کمنز اور ایڈم زمپا نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں- فوٹو: آئی سی سی

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں آسٹریلیا نے سری لنکا کو 7 وکٹ سے شکست دے دی۔

دبئی میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے میچ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 154 رنز بنائے جس کے جواب میں آسٹریلیا نے مطلوبہ ہدف 17 اوورز میں پورا کرلیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی اور وہ 65 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ کپتان ایرون فنچ 37 رنز بناکر پویلین واپس لوٹے۔ گلین میکسوئل صرف 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ اسٹیون اسمتھ 28 اور مارکس اسٹونس 16 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔


سری لنکا کی جانب سے پتھم نسانکا 7 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس کے بعد کوشل پریرا اور چیرتھ اسالانگا نے اچھی شراکت قائم کی، دونوں بلے باز 35،35 رنز بناکر پویلین واپس لوٹے۔ ایشکا فرنانڈو صرف 4 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

ہسرانگا ڈی سلوا 4 اور کپتان داسن شناکا 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، راجا پکسے نے ایک بار پھر اچھی اننگز کھیلی اور وہ 33 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹاک، پیٹ کمنز اور ایڈم زمپا نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

میچز کا سلسلہ جاری ہے، ایونٹ کا آج بائیسواں میچ دبئی میں آسٹریلیا اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جارہا ہے جس میں آسٹریلیا نے سری لنکا خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
Load Next Story