قومی ٹوئنٹی 20 کرکٹ کا میلہ کل سے سجے گا

مختصر طرز کے ایونٹ میں مصباح الحق فیصل آباد وولفز اورمحمد حفیظ لاہور لائنز کی قیادت کرینگے


Sports Reporter February 05, 2014
ایونٹ کے مقابلے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم، ڈائمنڈ گرائونڈ اسلام اور نیشنل گرائونڈ اسلام آباد میں ہوں گے۔ فوٹو: محمود قریشی/فائل

پاکستان کرکٹ ٹیم کے دونوں کپتان سمیت اسٹارز کرکٹرز پر مشتمل قومی ٹوئنٹی20 کپ کا میلہ 6 فروری سے سجے گا، 16فروری تک راولپنڈی اور اسلام آباد میں ہونے والے مختصر طرز کے اس ایونٹ میں مصباح الحق فیصل آباد وولفز اورمحمد حفیظ لاہور لائنز کی قیادت کریں گے۔

دوسرے کپتانوں میں عمران فرحت لاہور ایگلز، شعیب ملک سیالکوٹ اسٹالینز، سہیل تنویر راولپنڈی ریمز، سعید انور جونیئر ملتان ٹائیگرز، زوہیب احمد اسلام آباد لیپرڈز، یونس خان ایبٹ آباد فالکنز،کراچی ڈولفنز سرفراز احمد، پشاور پینتھرز اکبر بادشاہ ،کراچی زیبراز فیصل اقبال، لاڑکانہ بلززاہد محمود،حیدر آباد ہاکس شرجیل خان، ریاض آفریدی فاٹاچیتاز، فیض اللہ ڈیرہ مراد جمالی، بسم اللہ خان کوئٹہ بیئرز اور عمران اللہ اسلم بہاولپور اسٹیگز شامل ہیں۔ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 17 ٹیمیں شریک ہوں گی جنھیں 4گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے پانچ ٹیموں پر مشتمل ہوگا جبکہ دوسرے گروپس میں چار، چار ٹیمیں شامل ہیں، گروپ اے میں سیالکوٹ اسٹالینز،کراچی ڈولفنز، حیدر آبادہاکس، کوئٹہ بیئرز اورلاڑکانہ بلز کی ٹیمیں شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں راولپنڈی ریمز، کراچی زیبراز، ملتان ٹائیگرز، فاٹا چیتاز، گروپ سی میں فیصل آباد وولفز، اسلام آباد لیپرڈز، لاہور ایگلز، پشاور پینتھرز اور گروپ ڈی میں لاہور لائنز، ایبٹ آباد فالکنز، بہاولپور اسٹیگز اور ڈیرہ محمد جمالی ایبیکس شامل ہیں۔

 photo 8_zpsf40b0d98.jpg

یاد رہے کہ فاٹا چیتاز، ڈیرہ مراد جمالی ایبکیس اور لاڑکانہ بلز کی ٹیمیں پہلی بار پی سی بی کے چھتری تلے کسی ایونٹ کا حصہ بنیں گی۔ایونٹ کے مقابلے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم، ڈائمنڈ گرائونڈ اسلام اور نیشنل گرائونڈ اسلام آباد میں ہوں گے۔ افتتاحی روز 4 میچز کھیلے جائیں گے، بہاولپوراسٹیگز کا مقابلہ ڈیرہ مراد جمالی ایبیکس کے درمیان ڈائمنڈ گرائونڈ اسلام آباد میں ہوگا۔ ملتان ٹیم ٹائیگرز کی ٹیم فاٹا چیتاز کیخلاف مرغزار گرائونڈ اسلام آباد میں میدان میں اترے گی۔کراچی ڈولفنز کا مقابلہ حیدر آباد ہاکس کے درمیان نیشنل گرائونڈ اسلام میں ہوگا جبکہ فیصل آباد وولفز کی ٹیم پشاور پینتھرز کے خلاف پنڈی اسٹیڈیم میں ایکشن میں دکھائی دے گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کا کہنا ہے کہ ٹوئنٹی20کرکٹ پورے ملک میں یکساں مقبول ہے، میں امید کرتا ہوں کہ ماضی کی طرح روا ں برس کا ایونٹ بھی کامیاب ہو گا اور شائقین ٹورنامنٹ کے سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلوں سے لطف اندوز ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں