پی سی بی نے فواد عالم اور خالد لطیف پر عائد پابندی اٹھالی

ٹیسٹ کرکٹر سہیل کی سزا برقرار رکھی گئی، بورڈ چیف نے قانونی حق استعمال کرلیا


ٹیسٹ کرکٹر سہیل کی سزا برقرار رکھی گئی، بورڈ چیف نے قانونی حق استعمال کرلیا۔ فوٹو: فائل

پی سی بی نے کے سی سی اے کی جانب سے ٹیسٹ بیٹسمین فواد عالم اور خالد لطیف پر عائد پابندی اٹھالی جبکہ ٹیسٹ کرکٹرسہیل خان کے خلاف سزا برقرار رکھی گئی ہے۔

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ بورڈ کے چیئرمین ذکا اشرف نے اپنا قانونی استحقاق استعمال کرتے ہوئے یہ فیصلہ کیا، بورڈ کے سینئر جنرل منیجر شفیق پاپا اور قانونی مشیربیرسٹر سلیمان نفیس پر مشتمل 2 رکنی کمیٹی نے گزشتہ جمعرات کو نیشنل اسٹیڈیم میں سزا کیخلاف نظرثانی کی درخواستوں کی سماعت کی تھی،کمیٹی نے تینوں کرکٹرز کے علاوہ کراچی ڈولفنز کے کوچ سابق ٹیسٹ اسپنر توصیف احمد، منیجر وصال انصاری کے علاوہ کپتان سابق ٹیسٹ بولر محمد سمیع سے ون ٹو ون ملاقات کرکے ان کا موقف حاصل کیا تھا،اس موقع پر ٹیم کے ٹرینر عمران نے کمیٹی کو بعض کھلاڑیوں کی اس وقت کی فٹنس رپورٹ بھی جمع کرائی تھی، بعدازاں تحقیقاتی کمیٹی نے اپنی رپورٹ بورڈ کے چیئرمین ذکا اشرف کو پیش کی۔

 photo 9_zps2f2b9843.jpg

مذکورہ کرکٹرز کو گزشتہ مارچ میں قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے سپر ایٹ رائونڈ کے میچ میں کراچی ڈولفنز کے کوچ سابق ٹیسٹ اسپنر توصیف احمد کے ساتھ نازبیا رویہ اختیار کرنے اور بدکلامی کرنے کا مرتکب قرار دیا گیا تھا،کے سی سی اے کونسل نے 18اپریل2013کو اپنے اجلاس میں30 سالہ سہیل خان پرڈسپلن کی خلاف ورزی پر ایک برس تک کراچی کی جانب سے کسی بھی ڈومیسٹک میچ میں شرکت نہ کرنے کی پابندی عائد کی تھی جبکہ 28سالہ فواد عالم اور29 سالہ خالد لطیف پر اگلے قومی ٹی ٹوئنٹی سیزن میں حصہ نہ لینے کی پابندی لگائی تھی، دریں اثناء ذرائع کا کہنا ہے کہ عائد پابندی اٹھائے جانے کے بعد فواد عالم اور خالد لطیف جمعرات سے شیڈول قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں کراچی ڈولفنزکی نمائندگی کریں گے، واضح رہے کہ ایکسپریس نے اپنی 30 جنوری کی اشاعت میں پی سی بی کی جانب سے کرکٹرز پرعائد پابندی اٹھانے کے فیصلہ کی خبردیدی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں