کورونا وائرس پاکستان کے 4 شہر بہترین ویکسین شدہ قرار

اسلام آباد، منڈی بہاؤ الدین، گلگت اور میرپور میں 60 فیصد آبادی کو ویکسین لگادی گئی

اسلام آباد، منڈی بہاؤ الدین، گلگت اور میرپور میں 60 فیصد آبادی کو ویکسین لگادی گئی

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ملک کے 4 شہروں کو بہترین ویکسین شدہ قرار دے دیا۔

وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں ملک میں کورونا بیماری کی صورتحال اور مختلف شہروں کی مکمل ویکسی نیشن کی صورت حال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

فورم نے ویکسی نیشن میں اعلی کارکردگی دکھانے والے شہروں میں حوصلہ افزائی کے لیے معاملاتِ زندگی کو درجہ بدرجہ معمول پہ لانے کا فیصلہ کیا۔


اس درجہ بندی کے مطابق، اسلام آباد، منڈی بہاؤ الدین، گلگت اور میرپور کی 60 فیصد آبادی کو ویکسین لگا لینے پر 'بہترین' ویکسین شدہ شہر قرار دے گیا۔ 40 سے 60 فیصد آبادی کو ویکسین لگانے پر راولپنڈی، جہلم، پشاور، غزر، کھرمنگ، اسکردو، ہنزہ، باغ اور بھمبر 'اچھے' ویکسین شدہ شہر قرار پائے۔ بقایا شہروں میں 40 فیصد آبادی سے کم افراد کو ویکسین لگائے جانے کی وجہ سے ویکسین کی شرح کو کم قرار دیا گیا۔

بہترین ویکسین شدہ شہروں، اسلام آباد، منڈی بہاؤ الدین ، گلگت اور میرپور میں کورونا وباء کی لازمی احتیاطوں کو برقرار رکھتے ہوئے اجتماعات، شادی بیاہ کی تقریبات، کھیلوں کے میدان، تجارت اور کاروبار، ان ڈور ڈائیننگ، سینما، جم، تفریحی اور مذہبی مقامات بشمول مزارات اور ٹرانسپورٹ سیکٹر میں نافذ این پی آئیز Non pharmaceutical Interventions کو ہٹا دیا گیا۔ اندرون شہر اور بین الاضلاعی سفر میں مسافروں کی تعداد کو بڑھا کر 100 فیصد کر دیا گیا ہے۔

'اچھے اور کم' ویکسین شدہ شہروں میں مسافروں کی تعداد کو 80 فیصد تک رکھا گیا ہے۔ اجتماعات، شادی بیاہ کی تقریبات ، کھیلوں کے میدان ، تجارت اور کاروبار، ان ڈور ڈائیننگ ،سینما ، جیم تفریحی اور مذہبی مقامات بشمول مزارات اور ٹرانسپورٹ سیکٹر میں معمولی ردو بدل کے ساتھ موجودہ این پی آئیز کا نفاذ 15 نومبر تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

عوامی اجتماعات کو بالترتیب 500 اور 300 کی مقرر حد میں برقرار رکھا جائے گا۔ ملک بھر میں ان تمام سہولیات کا تسلسل مکمل ویکسین لگوانے اور ماسک کے لازمی استعمال سے مشروط کیا گیا ہے۔
Load Next Story