منوڑہ واٹر فرنٹ کا مقصد اہل کراچی کو تفریحی مقام فراہم کرنا ہے وزیر اعلیٰ سندھ

تکمیل کے بعد منصوبہ منوڑہ کنٹونمنٹ کے حوالے کیا جائیگا، منوڑہ بیچ منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب

شہر میں اسی طرح کے تفریحی منصوبے بنائے جائیں گے، منصوبے کی لاگت 65 کروڑ روپے ہے، ایڈمنسٹریٹر مرتضیٰ وہاب۔ فوٹو: ایکسپریس

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ منوڑہ واٹر فرنٹ بیچ ان خوبصورت تفریحی مقامات میں سے ایک ہے جو حکومت سندھ نے شہر کے لوگوں کو محفوظ، صاف ستھرے اور تفریحی مقام فراہم کرنے کے لیے تیار کیے ہیں۔

مراد علی شاہ نے کراچی میں منوڑہ کے مقام پر کراچی امپروومنٹ آف واٹر فرنٹ ڈیولپمنٹ کے650 ملین روپے کے منوڑہ بیچ منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سی ویو پر ایک جیٹی تیار کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں تاکہ کلفٹن کے علاقے سے منوڑہ بیچ تک فیری سروس شروع کی جا سکے۔

افتتاحی تقریب میں صوبائی وزرا سید ناصر حسین شاہ، سید سردار شاہ، باری پتافی، گیان چند اسرانی، ضیا عباس شاہ، ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب اور دیگر نے شرکت کی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ منصوبہ کراچی کی مجموعی ترقیاتی اسکیموں کا ایک حصہ ہے۔ واٹر فرنٹ ڈیولپمنٹ کی تعمیر کا مقصد کراچی کے عوام کو تفریح فراہم کرنا ہے۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد بنیادی سہولیات اور بنیادی سرگرمیوں کو ترقی دینا ہے تاکہ اس علاقے کی جانب عوام کی توجہ مرکوز مبذول کرائی جاسکے۔ انھوں نے کہا کہ اس طرح سے سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا اور اس علاقے کی ترقی میں بہتری آئے گی۔


وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ کراچی کا پہلا ترقی یافتہ ساحل ہوگا۔ انھوں نے مزید کہا کہ مجوزہ ڈیزائن میں محفوظ ماحول میں فیملی کی تفریح کے لیے درکار تمام ضروریات موجود ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ منوڑہ کے منصوبے کی تکمیل کے بعد اسے منوڑہ کنٹونمنٹ کے حوالے کر دیا جائے گا اور امید ظاہر کی کہ یہ علاقہ عوام کے لیے کھلا رہے گا۔ انہوں نے گلبرگ میں علامہ اقبال پارک کو ترقی دینے کے منصوبے کا بھی اعلان کیا۔

وزیر بلدیات ناصر شاہ نے کہا کہ کے ڈی اے کی پیشہ ور ٹیم نے منوڑہ پراجیکٹ تعمیر کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ شہر میں اسی طرح کے تفریحی اور گراؤنڈز کے منصوبے بنائے جائیں گے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے 500 ملین روپے کی لاگت سے مچھلی چوک تا کراچی نیوکلیئر پاور پلانٹ تک سڑک کی تعمیر کا اعلان کیا۔

انھوں نے مزید کہا کہ جنوری 2021 سے ٹرانسپورٹ کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے شہر میں 250 نئی بسیں لائی جارہی ہیں۔یہ منصوبہ اے ڈی پی اسکیم کے ذریعے 650 ملین روپے کی لاگت سے شروع کیا گیا تھا۔ منوڑہ واٹر فرنٹ بیچ منصوبے میں ایک ایکڑ اراضی پر پھیلا ہوا پارکنگ ایریا ہے، اس کا فرنٹ اسٹرکچر7.91 ایکڑ ہے جس میں 29 گیزبوس اور ایل شیپ بینچز کے ساتھ ٹیبلیں ہیں۔ اس میں 30 چھوٹے سائز کے ٹیفلون شیڈز، تین درمیانے سائز کے ٹیفلون شیڈز، میڈیم سائز، ایک ہیکزاگونل شیپ لارج سائز ٹیفلون شیڈ، 76 پارک بینچز شامل ہیں۔بچوں کیلیے الگ پلے ایریا تیار کیا گیا ہے۔
Load Next Story