آصف علی کوپاکستان کا نیا ’بوم بوم‘ قراردیا جانے لگا

ہارڈ ہٹر میں شاہد خان آفریدی اور عبدالرزاق کی جھلک دکھائی دی، سعید اجمل


Express News October 31, 2021
ہارڈ ہٹر میں شاہد خان آفریدی اور عبدالرزاق کی جھلک دکھائی دی، سعید اجمل۔ فوٹو: فائل

آصف علی کو پاکستان کا نیا 'بوم بوم' قرار دیا جانے لگا جب کہ سابق ٹیسٹ کرکٹر اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے معاون کوچ سعید اجمل کہتے ہیں کہ ہارڈ ہٹر میں شاہد آفریدی اور عبدالرزاق کی جھلک دکھائی دی، وہ آگے بھی ٹیم کی فتوحات میں کردار ادا کریں گے۔

آصف علی نے نیوزی لینڈ اور افغانستان کے خلاف میچز میں ہارڈ ہٹنگ کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کو فتوحات سے ہمکنار کیا، انھیں اپنے بلند وبالا چھکوں کی وجہ سے نیا 'بوم بوم' قرار دیا جارہا ہے۔

سعید اجمل کا کہنا ہے کہ افغانستان کے خلاف میچ میں آصف علی میں بوم بوم شاہد آفریدی اور عبدالرزاق کی جھلک نظر آئی، انھوں نے اپنی پی ایس ایل فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ کا بھی نام روشن کردیا، اگرچہ پانچویں ایڈیشن میں ان کی فارم اچھی نہیں تھی مگر ہم نے بھرپور سپورٹ کیا۔

سعید اجمل نے کہا کہ بڑی مدت کے بعد شاہد آفریدی کی طرح کسی کو چھکے لگاتے دیکھا، امید ہے کہ آصف اگلے میچز میں بھی پاکستان کی فتوحات میں اہم کردار ادا کریں گے۔

دریں اثنا پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن کے لیے جوموڈاٹ پی کے اسلام آباد یونائٹیڈ کا پارٹنر بن گیا۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور جومو ڈاٹ پی کے، کے درمیان ایم او یو کے معاہدے پر دستخط کی تقریب کا سعید اجمل بھی حصہ تھے۔ انھوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ 2022 کے پی ایس، ایل ایڈیشن میں اسلام آباد کی ٹیم ایک نئے روپ میں پرفارم کرتی ہوئی نظر آئے گی۔

تقریب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے جی ایم ریحان الحق کا کہنا تھا کہ آصف علی پر فخر ہے کہ اس نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی عزت میں اضافہ کیا، ہم نے کھلاڑیوں کی ڈویلپمنٹ کے لیے جو مہم شروع کی وہ کامیابی سے جاری اور اس سے پاکستان کرکٹ کو نیا ٹیلنٹ بھی مل رہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں