پاکستان اور آزاد و مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایاگیا

کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کےلئے ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں ریلیاں اور انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بنائی گئیں۔

کشمیری شہدا کی یاد میں صبح 9 بجے ملک بھر میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ فوٹو: فائل

پاکستان اور آزاد و مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا بھر میں گزشتہ روز یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا جس میں کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے خصوصی تقاریب کا انعقاد بھی کیا گیا۔


پاکستان میں 1988 سے ہر سال پانچ فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منایا جاتا ہے، جس کا مقصد بھارتی مظالم کا شکار کشمیریوں کی اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار ہے۔ اس دن کی مناسبت سے پاکستان اور آزاد کشمیر سمیت دنیا بھر میں سیاسی مذہبی اور سماجی جماعتوں و تنظیموں کی جانب سے مظاہرے، ریلیوں اور سیمینارز کا انعقاد کیا گیا۔ کشمیری شہدا کی یاد میں صبح 9 بجے ملک بھر میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں کے علاوہ ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں ریلیاں اور انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بنائی گئیں۔

یوم یکجہتی کشمیر کی منقاسبت سے صدر مملکت ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے پیغامات میں اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان جموں کشمیر کے بارے میں اپنے اصولی موقف پر پوری طرح قائم ہے۔ صدر نے کہا کہ ہر سال یہ دن منانے کا مقصد کشمیری بھائیوں کی حق خود ارادیت سمیت بنیادی حقوق کے حصول کی منصفانہ جدوجہد میں اپنی اخلاقی ،سیاسی اور سفارتی حمایت کا اعادہ کرنا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کے لئے اپنا تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔
Load Next Story