یواےای میں پاکستان کے ساتھ کھیلنے سے بھارت کا انکار

بی سی سی آئی کوکچھ تحفظات ہیں،پریمیئر لیگ ملک میں کرکٹ واپس لائیگی،ذکا اشرف


Sports Desk September 11, 2012
بی سی سی آئی کوکچھ تحفظات ہیں،پریمیئر لیگ ملک میں کرکٹ واپس لائیگی،ذکا اشرف۔ فوٹو: فائل

پی سی بی کے چیئرمین ذکا اشرف کے مطابق بھارت نے یو اے ای میں پاکستان کے ساتھ سیریز کھیلنے سے صاف انکار کردیا۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان پریمیئر لیگ کے انعقاد سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کا دروازہ کھل جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق ذکا اشرف نے دبئی میں پاکستانی ٹیم کے اعزاز میں تقریب کے دوران میڈیا سے بات چیت میں واضح کیا کہ بھارت کے ساتھ یو اے ای میں سیریز کھیلنے کا کوئی امکان نہیں ہے، انھوں نے کہا کہ ہم نے بھارتی کرکٹ بورڈ کومتحدہ عرب امارات میں مقابلوں کی تجویز پیش کی تھی مگر ان کو یہاں کے حوالے سے کچھ تحفظات ہیں اس لیے وہ یو اے ای میں ہمارے ساتھ کھیلنے کو تیار نہیں ہیں۔

انھوں نے آئی پی ایل کی طرز پر پاکستان میں بھی ٹوئنٹی 20 لیگ شروع کرنے کا اعلان کیا، ان کا کہنا ہے کہ ہم ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کیلیے ٹی 20 لیگ شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، یہ آئی پی ایل، بنگلہ دیش پریمیئر لیگ اور سری لنکا لیگ کی طرز پر ہوگی، ہمارا ہدف آئندہ برس مارچ میں میچز منعقد کرنے کا ہے، اس کیلیے کئی انٹرنیشنل کھلاڑی پاکستان آئیں گے جو بہت بڑی پیشرفت ہوگی،اس سے غیرملکی ٹیموں کی پاکستان آمد دوبارہ شروع ہوسکتی ہے۔

ذکا اشرف نے کہا کہ میں مارچ 2013 سے بھی پہلے کسی انٹرنیشنل ٹیم کو پاکستان لانے کی کوششوں میں مصروف ہوں۔ یاد رہے کہ مارچ 2009 میں لاہور میں سری لنکن ٹیم پر دہشتگردوں کے حملے کے بعد سے پاکستان انٹرنیشنل کرکٹ کیلیے نوگو ایریا بنا ہوا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں