پیٹرولیم ڈیلرز کا جمعہ سے ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان

پیٹرول کی قیمت بڑھا کر اپنا مارجن نہیں بڑھانا چاہتے، پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن

پیٹرول کی قیمت بڑھا کر اپنا مارجن نہیں بڑھانا چاہتے، پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن - فوٹو:فائل

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے پیٹرولیم مصنوعات پر مطلوبہ 6 فیصد تک منافع نہ بڑھانے کی صورت میں جمعہ سے ملک بھر کے پیٹرول پمپس بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چئیرمین عبدالسمیع خان نے ملک خدابخش محمد طارق خان سمیت دیگر نمائندوں کے ہمراہ کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کہا کہ حکومت نے گزشتہ تین سال میں اپنا کوئی وعدہ وفا نہیں کیا لہذا موجودہ مارجن، جو کہ فی لیٹر 2 روپے ہے، میں کاروبار کرنا مشکل ہوگیا ہے۔


عبدالسمیع نے کہا کہ پیٹرولیم ڈیلرز پیٹرول کی قیمت بڑھا کر اپنا مارجن نہیں بڑھانا چاہتے بلکہ لیوی میں ایڈجسٹمنٹ کروا کر مارجن میں اضافے کا مطالبہ کر رہے ہیں کیونکہ پیٹرولیم ڈیلرز کی کاروباری لاگت پاور ٹیرف میں اضافے سمیت دیگر بڑھتے ہوئے اخراجات کی وجہ سے بڑھ گئی ہے جس کے نتیجے میں پیٹرولیم ڈیلرز کا کاروبار غیر منافع بخش ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی آئے دن بڑھ رہی ہے جبکہ پیٹرولیم ڈیلرز کا مارجن کم سے کم ہوتا جا رہا ہے، حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی کم از کم قیمت فروخت کا 6 فیصد مارجن کا تعین کرے، پیٹرولیم ڈیلرز کو فی لیٹر صرف 2 روپے کا کمیشن دیا جا رہا ہے، موٹر سائیکل سوار پیٹرول کے 50 فیصد صارفین ہیں جنہیں ریلیف دینے کے لیے حکومت لیوی اور سیلز ٹیکس کی شرح میں کمی کرے، تین ماہ گزر جانے کے باوجود تاحال وزیر پیٹرولیم کی تقرری نہیں کی جاسکی ہے۔
Load Next Story