والدہ تین بار موٹروے سے اغوا ہوچکی ہیں اداکارہ زویا ناصر کا انکشاف

زویا ناصر پاکستانی ڈراموں کی ابھرتی ہوئی اداکارہ ہیں

زویا ناصر پاکستانی ڈراموں کی ابھرتی ہوئی اداکارہ ہیں فوٹوفائل

اداکارہ زویا ناصر نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی والدہ موٹروے سے تین بار اغوا ہوچکی ہیں جس کی وجہ سے انہیں موٹروے پر سفر کرنے سے خوف آتا ہے۔

زویا ناصر پاکستانی ڈراموں کی ابھرتی ہوئی اداکارہ ہیں اور بہت جلد انہوں نے کئی ڈراموں میں کام کرکے شوبز میں اپنی شناخت بنالی ہے۔ حال ہی میں زویا ناصر جنید خان کے ہمراہ اداکار نعمان اعجاز کے پروگرام ''جی سرکار'' میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے اپنی زندگی سے جڑے کئی واقعات کے بارے میں بات کی۔

انٹرویو کے دوران ایک موقع پر زویا ناصر نے اپنے خوف کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا انہیں موٹروے پر سفر کرنے سے ڈر لگتا ہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ ان کی والدہ موٹر وے پر سفر کرتے ہوئے تین بار اغوا ہوچکی ہیں۔


زویا ناصر نے واقعے کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ ڈاکوؤں نے ہربار کار چھیننے کی غرض سے ان کی والدہ کو اغوا کیا وہ ہربار ان کی والدہ کو سنسان سڑک پر لے جاکر چھوڑدیتے تھے اور کار لے جاتے تھے لیکن ہر بار ان کی گاڑی واپس بھی مل جاتی تھی۔

زویاناصر نے اپنی زندگی کے بھی ایک خوفناک حادثے کی تفصیلات شیئر کرتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں کراچی میں ان کے ساتھ بھی ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا تھا جس میں موٹر سائیکل سواروں نے ان کی کار کادروازہ کھول کر ان کے پاس موجود چیزیں مانگیں۔

زویا ناصر نے کہا وہ اپنے سامنے ڈاکوؤں کو دیکھ کر اتنی خوف زدہ ہوگئی تھیں کہ کار سے نکل کر بھاگیں اور مدد کے لیے چلانے لگی اور ان کے چلانے کی وجہ سے ڈاکو وہاں سے بھاگ گئے۔
Load Next Story