نیوزی لینڈ نے اسکاٹ لینڈ کو شکست دیدی

مارٹن گپٹل کو 93 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ دیا گیا


ویب ڈیسک November 03, 2021
مارٹن گپٹل کو 93 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ دیا گیا - فوٹو: آئی سی سی

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ میچ میں نیوزی لینڈ نے اسکاٹ لینڈ کو 16 رنز سے شکست دے دی۔

دبئی انٹر نیشنل کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بنائے جس کے جواب میں اسکاٹ لینڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 5 وکٹ کے نقصان پر 156 رنز ہی بناسکی۔

اسکاٹ لینڈ کی جانب سے جارج منسے نے 22 رنز بنائے، کپتان کائل کوٹزر 17، وکٹ کیپر بلے باز میتھیو کراس 27 اور مائیکل لیسک 42 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ایش سوڈھی اور ٹرینٹ بولٹ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔



اس سے قبل اسکاٹ لینڈ نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے مارٹن گپٹل اور ڈیرل مچل نے اننگز کا آغاز کیا، 35 رنز کے مجموعی اسکور پر پہلے ڈیرل مچل اور پھر کین ولیمسن آؤٹ ہوئے۔

52 رنز کے مجموعی اسکور پر ڈیون کانوائے بھی چلتے بنے، اس موقع پر گلین فلپس نے گپٹل کا ساتھ نبھانے کا بیڑا اٹھایا۔ دونوں کھلاڑیوں نے نیوزی لینڈ کو بڑے ہدف تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

گپٹل اور فلپس کے درمیان 105 رنز کی شراکت قائم ہوئی، 157 کے اسکور پر فلپس آؤٹ ہوگئے انہوں نے 33 رنز بنائے۔ 157 رنز پر مارٹن گپٹل بھی پویلین لوٹ گئے، انہوں نے 7 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 93 رنز کی اننگز کھیلی۔

اسکاٹ لینڈ کے براڈ ویل اور سفیان شریف نے2،2 اور مارک واٹ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔



تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔