سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کو شکست دیدی

سری لنکا کی جانب سے پتھم نسانکا اور چرتھ اسالانکا نے نصف سنچریاں اسکور کیں

پتھم نسانکا اور چرتھ اسالانکا نے نصف سنچریاں اسکور کیں - فوٹو: آئی سی سی

FAISALABAD:
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ میچ میں سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کو شکست دے دی۔

ابوظہبی میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ مرحلے کے میچ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹ کے نقصان پر 189 رنز بنائے جس کے جواب میں ویسٹ انڈین ٹیم 8 وکٹ کے نقصان پر 169 رنز ہی بناسکی۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے شیمرون ہیٹمیئر 81 اور نکولس پورن 46 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ کرس گیل 1، ایون لیوس 8، رسٹن چیس 9، آندرے رسل 2، کیرون پولارڈ 0، جیسن ہولڈر 8 اور ڈیوائن براو نے 2 رنز بنائے۔


اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے کپتان کیرون پولارڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ سری لنکا کی جانب سے کوشل پریرا اور پتھم نسانکا نے ٹیم کو 42 رنز کا آغاز فراہم کیا، پریرا 29 رنز بنانے کے بعد آندرے رسل کا شکار بنے۔



پتھم نسانکا اور چرتھ اسالانکا نے نصف سنچریاں اسکور کیں، نسانکا 51 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے اور اسالانکا 68 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔ داشن شناکا نے 25 رنز بنائے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے آندرے رسل نے 2 اور ڈیوائن براو نے ایک وکٹ حاصل کی۔
Load Next Story