آئی سی سی نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے وارم اپ میچوں کا شیڈول جاری کردیا

ایونٹ میں پاكستان نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا كے خلاف وارم اپ میچز كھیلے گا۔


/APP February 05, 2014
میگا ایونٹ كے دوران مجموعی طور پر ٹیموں كے درمیان 16 وارم اپ میچز كھیلے جائیں گے۔ فوٹو: فائل

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹونٹی ورلڈ كپ 2014 کے وارم اپ میچوں كا شیڈول جاری كردیا ہے جس کے مطابق پاكستان نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا كے خلاف وارم اپ میچز كھیلے گا۔

آئی سی سی كی جانب سے جاری كردہ شیڈول كے مطابق میگا ایونٹ كے دوران مجموعی طور پر ٹیموں كے درمیان 16 وارم اپ میچز كھیلے جائیں گے، پہلے 8 وارم اپ میچ ابتدائی راؤنڈ سے قبل جبكہ بقیہ 8 میچز سپر 10 مرحلے سے قبل كھیلے جائیں گے۔ اعلان كردہ شیڈول كے مطابق ابتدائی راؤنڈ سے قبل 12 مارچ كو 4 وارم اپ میچز كھیلے جائیں گے جن میں بنگلادیش كی ٹیم کا مقابلہ متحدہ عرب امارات سے، افغانستان كا ہالینڈ سے، زمبابوے كا ہانگ کونگ سے اور آئرلینڈ کا نیپال سے مقابلہ ہوگا، 14 مارچ كو كھیلے جانے والے وارم اپ میچوں میں نیپال كا مقابلہ متحدہ عرب امارات سے، بنگلادیش كا آئرلینڈ سے، افغانستان كا مقابلہ زمبابوے سے جبكہ ہانگ كانگ كا ہالینڈ سے مقابلہ ہوگا۔

سپر 10 مرحلے سے قبل 17 مارچ كو 2 وارم اپ میچ كھیلے جائیں گے جس میں پاكستان كی ٹیم نیوزی لینڈ اور بھارت كی ٹیم سری لنکا كے مدمقابل ہوگی، 18 مارچ كو شیڈول میچوں میں ویسٹ انڈیز كا مقابلہ انگلینڈ اور جنوبی افریقا كا بنگلادیش سے ہوگا جبكہ 19 مارچ كو آخری 4 وارم اپ میچز كھیلے جائیں گے جن میں پاكستان كا مقابلہ جنوبی افریقا، سری لنكا كا ویسٹ انڈیز، انگلینڈ كا بھارت اور آسٹریلیا كا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہوگا۔

واضح رہے کہ کرکٹ کا میگا ایونٹ 16 مارچ سے 6 اپریل تک بنگلادیش میں كھیلا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں