شادی کی خوشی میں پولیس اہلکار کی فائرنگ کمسن بچی کی جان لے گئی

پولیس نے اہلکار اور اس کے 2 بھائیوں سمیت دیگر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے


ویب ڈیسک November 04, 2021
پولیس نے اہلکار اور اس کے 2 بھائیوں سمیت دیگر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا - فوٹو:ایکسپریس نیوز

قیوم آباد میں شادی کی خوشی میں فائرنگ سے زخمی ہونے والی کمسن بچی زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد دم توڑ گئی۔ پولیس نے مقتولہ کے والد کی مدعیت میں فائرنگ کرنے والے پولیس اہلکار اور اس کے 2 بھائیوں سمیت دیگر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق قیوم آباد کے علاقے ڈی ایریا میں رہائش پذیر حنیف احمد کی بیٹی 6 سالہ سعدیہ گھر کے اندر سر پر گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگئی جسے انتہائی تشویشناک حالت میں جناح اسپتال لے جایا گیا۔ ایس ایچ او ڈیفنس اشرف جوگی نے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ شادی کی خوشی میں کی جانے والی فائرنگ سے پیش آیا تھا جبکہ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور فائرنگ کرنے کے الزام میں 2 بھائیوں سمیت 6 افراد کو حراست میں لے لیا۔

پولیس کے مطابق شادی کی تقریب میں فائرنگ کرنے والا ملزم معین ہے جو کہ پولیس اہلکار اور سولجر بازار تھانے میں تعینات ہے جبکہ پولیس نے اس کے 2 بھائیوں ارسلان اور نعمان کو پہلے ہی گرفتار کرلیا ہے، زخمی ہونے والی کمسن سعدیہ چند گھنٹے تک زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد جناح اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئی۔

مقتولہ کے والد حنیف احمد نے ایکسپریس نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ وہ مدرسے میں بچوں کو پڑھاتے ہیں جبکہ مقتولہ KG1 کی طالبہ اور 2 بہنوں اور ایک بھائی میں دوسرے نمبر پر تھی، شادی میں ہوائی فائرنگ کی پابندی کے باوجود کھلے عام اس جاہلانہ رسم کی ادائیگی سمجھ سے بالاتر ہے، آخر لوگ شادی کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کر کے خود کو کیا ظاہر کرنے کی کوشش کرتے ہیں کہ وہ بہت اثر و رسوخ والے ہیں، اگر اتنے ہی بااثر ہیں تو اب بھاگ کیوں رہے ہیں، فائرنگ کرنے والوں نے اپنی خوشی کی خاطر میری پھول جیسی معصوم بچی کو زندگی سے محروم کر کے ہمارے گھر میں صف ماتم بچھا دی۔

والد نے مطالبہ کیا کہ شادی کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کرنے والوں کو عبرتناک سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی بھی باپ اپنی اولاد سے محروم نہ ہو سکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں