راولپنڈی اور اسلام آباد میں اوپن مارکیٹ میں چینی کا شدید بحران

کریانہ شاپس پر چینی ختم اور بلیک میں 150 روپے کلو فروخت ہونے لگی ہے


Qaiser Sherazi November 05, 2021
کریانہ شاپس پر چینی ختم اور بلیک میں 150 روپے کلو فروخت ہونے لگی ہے

جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں اوپن مارکیٹ میں چینی کا شدید بحران پیدا ہوگیا ہے ۔ کریانہ شاپس پر چینی ختم اور بلیک میں 150 روپے کلو فروخت ہونے لگی ہے ۔ سہولت بازاروں اور یوٹیلیٹی اسٹورز میں بھی چینی کا اسٹاک ختم ہوگیا ہے۔

راولپنڈی اور اسلام آباد میں چینی کا بحران شدید ہوتا جارہا ہے ۔ 60 پرائس کنٹرول مجسٹریٹ چینی کی قیمتوں میں استحکام اور ضرورت کے مطابق سپلائی میں مکمل طور پر ناکام ہوگئے ہیں ۔ گلی محلہ کی کریانہ دکانوں نے چینی 150 روپے کلو فروخت کرنی شروع کر دی ہے جبکہ 80 فیصد دکانوں پر چینی کا اسٹاک 48 گھنٹوں سے ختم ہے ۔

کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن کے صدر پرویز بٹ کا کہنا ہے کہ چینی کی سپلائی معطل ہے ، پرائیویٹ ڈیلرز دکانداروں کو 110 سے 120 روپے کلو قیمت میں چینی سپلائی کر رہے ہیں ، ہم 120روپے کلو چینی خرید کر سرکاری قیمت 90 روپے کلو پر فروخت نہیں کر سکتے جبکہ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کے تحریک لبیک کے دھرنا کی وجہ سے راستے بند تھے جس کی وجہ سے سپلائی متاثر ہوئی۔

حکام کے مطابق سرکاری چینی ضلع راولپنڈی میں اب ضرورت کے مطابق سپلائی کر دی ہے آج شام تک چینی بحران ختم ہو جائے گا کئی علاقوں میں شہریوں نے چینی ختم ہونے پر مہنگی شکر اور گڑ کا چائے میں استعمال شروع کردیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں