مولانا فضل الرحمان نے پی ڈی ایم کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا

اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ اور مہنگائی کیخلاف احتجاجی حکمت عملی پر غور کیا جائے گا


ویب ڈیسک November 05, 2021
اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ اور مہنگائی کیخلاف احتجاجی حکمت عملی پر غور کیا جائے گا - فوٹو:فائل

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ہنگامی اجلاس کل طلب کرلیا ہے۔

ہنگامی اجلاس میں پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتوں کی قیادت وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کرے گی۔ اجلاس کل سہ پہر ساڑھے تین بجے ہوگا، جس کی صدارت مولانا فضل الرحمان کریں گے۔ پی ڈی ایم کے کل ہونے والے اجلاس میں نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز بھی شرکت کریں گے جبکہ محمود خان اچکزئی، سردار اختر مینگل اور آفتاب شیر پاؤ بھی شریک ہوں گے۔ اجلاس میں شاہد خاقان عباسی اور مولانا اویس نورانی سمیت پی ڈی ایم کے دیگر قائدین بھی شرکت کریں گے۔

اجلاس میں 10 نومبر کو ہونے والے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے حوالے سے مشترکہ حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔ حکومت کی جانب سے مشترکہ اجلاس سے ای وی ایم، ای ووٹنگ اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سمیت اٹھارہ بل پاس کروائے جائیں گے۔ اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف احتجاجی حکمت عملی پر بھی غور کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں