سوئی کے بغیر ویکسین لگانے والا روبوٹ

کینیڈا کے سائنسدانوں کا تیارکردہ کوبی روبوٹ کووڈ 19 اور دیگر اقسام کی ویکسین لگاسکتا ہے


ویب ڈیسک November 06, 2021
واٹرلویونیورسٹی کی اسٹارٹ اپ کمپنی نے کسی سوئی کے بغیر ویکسین لگانے والا 100 فیصد خودکار روبوٹ بنالیا ہے۔ فوٹو: واٹرلویونیورسٹی

سوئی کے خوف سے ویکسین سے بھاگنے والے لوگ اب مطمئین ہوجائیں کہ ایک روبوٹ انہیں سوئی کی تکلیف کے بغیر ویکسین لگاسکتا ہے۔

اس روبوٹ کا نام کوبی رکھا گیا ہے جسے یونیورسٹی آف واٹرلو کے سائنسدانوں نے تیار کیا ہے۔ اسے کووڈ 19 کے تناظر میں بنایا گیا ہے کیونکہ ویکسی لگوانے کا عمل جاری ہے اور مزید کچھ عرصے جاری رہے گا۔ کوبی روبوٹ اسے آسان بنادیتا ہے اور بہت تیزی سے لوگوں کو ویکسین لگاتا ہے۔



یونیورسٹی میں واقع اسٹارٹ اپ 'کوبایونکس' نے اسے بنایا ہے جسے کئی افراد پرکامیابی سے آزمایا گیا ہے۔ اس کا اصول بہت سادہ ہے پہلے سے رجسٹرشدہ افراد کسی ایسے شفاخانے جاتے ہیں جہاں یہ روبوٹ موجود ہوتا ہے۔ ویکسین لگوانے کے لیے روبوٹ کیمرے کے تھری ڈی سینسر مریض کی شناختی علامت کو پڑھتے ہیں۔



اس تصدیق کے بعد روبوٹ بازو اندر بھری ویکسین سے ایک خوراک کھینچتا ہے۔ پھر وہ مریض کے بازو کو دیکھ کر تھری ڈی نقشہ بناتے ہیں۔ اس دوران مصنوعی ذہانت ( اے آئی) والا سافٹ ویئر ویکسین لگانے کی مناسب ترین جگہ کی شناخت کرتا ہے۔ اس کے بعد روبوٹ بازو انسانی جلد سے مس ہوتا ہے اور بال سے بھی باریک سوراخ کے ذریعے ویکسین کو ایک پریشر سے اندر داخل کردیتا ہے۔ لیکن اس عمل کی مزید تفصیلات بیان نہیں کی گئی ہیں۔ شاید وہ کوئی کاروباری راز ہوسکتی ہے۔

کوبایونکس کمپنی کے شریک سربراہ ٹِم لیسویل نے کہا ہے کہ اگلے دوبرس میں ویکسین روبوٹ مارکیٹ میں عام دستیاب ہوگا ۔ یہ روبوٹ بہت تیزی سے انسانوں کی بڑی تعداد کو ویکسین لگا سکے گا۔ دوسری جانب دورافتادہ علاقوں میں اپنی خدمات انجام دے سکے گا جہاں مناسب طبی عملے کا شدید فقدان ہوتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں