ادارہ ترقیات کراچی کا سرجانی ٹاؤن میں بڑا رہائشی پروجیکٹ بنانے کا فیصلہ

20 ہزار گز کی ارا ضی پر تعمیر رہائشی پروجیکٹ 16 منزلہ ہوگا جس میں تیز ترین لفٹ لگائی جائیں گی۔


نعیم خانزادہ November 06, 2021
رہا ئشی پر وجیکٹ کو4سال میں مکمل کر لیاجا ئے گا،کے ڈی اے حکام ۔ فوٹو: فائل

ادارہ ترقیات کراچی نے سند ھ حکومت کی اجازت سے شہر میں بڑا رہائشی پروجیکٹ بنانے کا فیصلہ کرلیا۔

ادارہ ترقیات کراچی نے سندھ حکومت کی منظوری کے بعد سرجانی ٹاؤن سیکٹر 7 بی میں 20ہزار گز پر ایک رہائشی منصوبے پر کام شروع کردیا، یہ رہائشی منصوبہ بین الاقومی طرز پر تعمیر کیا جائے گا جس میں کوئی دکان نہیں ہوگی 20 ہزار گز کی اراضی پر تعمیر ہونے والا رہائشی پروجیکٹ 16 منزلہ ہوگا جس میں تیز ترین لفٹ لگائی جائیں گی وسیع کار پارکنگ ہوگی۔

کے ڈی اے حکام نے بتایا ہے کہ رہائشی منصوبے میں کتنے اسکوائر فٹ پر فلیٹ ہوں گے اس پر مشاورت جاری ہے امکان ہے کہ700 سے 1200اسکوائر فٹ پر ایک فلیٹ تعمیر کیاجائے گا۔

کے ڈی اے حکام نے بتایا ہے کہ ابھی اس رہائشی منصوبے کے ڈیزائن پر کام جاری ہے جس کو بہت جلد مکمل کر لیاجائے گا جبکہ امکان ہے کہ اس پر کام 4 ماہ میں شروع کر دیا جائے گا اس رہائشی پروجیکٹ کو 4 سال میں مکمل کرلیا جائے گا، متوسط طبقے کے لیے اس میں بہت آسانی دی جا ئیں گی یہ آسان اقساط پر 5 سال میں ادائیگی کرنی ہوگی۔

کے ڈی اے کے حکام نے بتایا کہ جو بکنگ کے وقت قیمت مقرر کی جائے گی اس میں کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا جائے گا، کے ڈی اے حکام نے بتایا کہ یہ رہائشی پروجیکٹ تین سو فٹ روڈ پر ہوگا، انتہائی کشادہ سڑکیں ہیں، سرجانی ٹاؤن کا اہم علاقہ ہے جب یہ رہائشی منصوبہ مکمل ہوگا تو اس کے اطراف میں نئی سڑکیں بھی تعمیر کی جائیں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کے ڈی اے جلد اس رہائشی منصوبے کی بکنگ کا اشتہار اخبار میں دے گا اور بکنگ میں بھی شہریوں کے لیے آسان ہوگی، ذرائع نے بتا یا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایک رہائشی منصوبے میں ایک فلیٹ مارکیٹ سے کم ازکم 30 سے 40 لاکھ کم کا ہوگا تاہم اب تک اس کے قیمت مقرر نہیں کی جاسکے گی لیکن کے ڈی اے نے اس کا پورا ہوم ورک کرلیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس رہائشی منصوبے کا افتتاح بلاول بھٹو زرداری کریں گے اور کے ڈی اے کو سندھ حکومت کی بھرپور مدد میسر ہوگی، ذرائع کا کہنا ہے کہ کے ڈی اے نے رہائشی منصوبوں کا آغاز کررہی ہے تاکہ سرکاری زمین پر لینڈ مافیا کے آئے دن قبضوں کی وجہ سے مشکلات میں اضافہ ہوتا تاہم اب یہ فیصلہ کیا گیا، سرجانی کے مختلف سیکٹرز میں کے ڈی اے سستے رہائشی منصوبے بنائے گی جس سے سرکاری خزانے میں بھی اضا فہ ہوگا اور شہریوں کے بھی سستی رہائش میسر آئیں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں