امریکا میوزیکل کنسرٹ میں بھگدڑ سے 8 افراد کچل کر ہلاک

100 سے زائد افراد زخمی ہیں جب کہ 11 افراد کو دم گھٹنے کے باعث دل کا دورہ پڑ گیا


ویب ڈیسک November 06, 2021
مجمع زیادہ ہونے کی وجہ سے کئی افراد کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا، فوٹو: فائل

امریکا میں ہونے والے ایک میوزک فیسٹیول کی افتتاحی تقریب میں بھگدڑ مچ گئی جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک اور 100 زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں ہونے والے ایسٹرو ورلڈ فیسٹیول کی پہلی رات اُس وقت بھگدڑ مچ گئی جب اسٹیج پر معروف گلوکار کو مدعو کیا گیا اور مداح اسٹیج پر چڑھ دوڑے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فیسٹیول کی افتتاحی تقریب میں ریپیر گلوکار ٹریوس اسکاٹ پُرفارمنس دے رہے تھے اور اس دوران اُن کے مداح اسٹیج پر چڑھنے کی کوشش کرنے میں ایک دوسرے پر گر گئے اور 8 افراد کچلے گئے جب کہ 100 سے زائد زخمی ہیں۔

دوسری جانب انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گنجائش سے زیادہ افراد کے جمع ہونے کی وجہ سے بھگدڑ مچی، اسٹیج کے گرد مجمع اتنا زیادہ ہوگیا تھا کہ سانس نہ لے پانے کے باعث کئی افراد بے ہوش ہوگئے جس سے بھگدڑ مچ گئی اور کچھ اسٹیج پر چڑھنے لگے۔

اسپتال کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ زخمیوں میں سے 17 کی حالت انتہائی تشویشناک تھی جن میں سے 11 افراد کو سانس لینے میں دشواری پر دل کا دورہ پڑا تھا۔ ان افراد کو جائے وقوعہ پر قائم ایک فیلڈ اسپتال میں طبی امداد دی گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔