طیارے کی میڈیکل ایمرجنسی لینڈنگ 20 مسافر غیرقانونی طور پر اسپین میں داخل

میڈیکل ایمرجنسی کا بہانہ کرنے والے مسافر کو غیرقانونی امیگریشن میں معاونت کے الزام میں حراست میں لے لیا

پولیس نے 5 مسافروں کو حراست میں لے لیا، فوٹو: فئل

WASHINGTON:
اسپین میں ایک طیارے کو طبی بنیادوں پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی تاہم مریض مسافر کی اسپتال منتقلی کے دوران 20 دیگر مسافر موقع کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے غیر قانونی طور شہر میں داخل ہوکر غائب ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک مسافر کی طبیعت بگڑنے پر مراکش سے ترکی جانے والے طیارے نے اسپین کے ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی اور مریض کو اسپتال منتقل کیا گیا۔

تاہم جب طیارے نے دوبارہ پرواز بھرنا چاہی تو 20 مسافر کم تھے جن کے بارے میں خدشہ تھا کہ وہ مریض مسافر کی اسپتال منتقلی کے دوران ایئرپورٹ سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔


ادھر پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 5 مسافروں کو حراست میں لے لیا تاہم باقی مسافروں کا کچھ پتہ نہیں چل سکا۔ 4 گھنٹے کی ناکام تلاش کے بعد طیارے نے اپنی منزل کی جانب پرواز بھرلی اور ایئرپورٹ کو فعال کردیا گیا۔

دوسری جانب جس مسافر کی طبیعت بگڑنے پر ہنگامی لینڈنگ کی گئی تھی اسے ڈاکٹرز کی جانب سے صحت مند قرار دیئے جانے کے بعد پولیس نے مسافر کو غیرقانونی امیگریشن میں معاونت کے الزام میں حراست میں لے لیا۔

پولیس تفتیش کاروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ میڈیکل ایمرجنسی لینڈنگ کی پہلے سے منصوبہ بندی کی گئی تھی تاکہ طیارہ اسپین میں اترے اور وہ لوگ غیرقانونی طور پر اسپین میں داخل ہوجائیں گے۔

 
Load Next Story