انگلینڈ اور آسٹریلیا نے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی

سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہوگا اوردوسری ٹیم کا فیصلہ نیوزی لینڈ اور افغانستان کے میچ کے بعد ہوگا


ویب ڈیسک November 06, 2021
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں جنوبی افریقا سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں گروپ ون سے انگلینڈ اور آسٹریلیا نے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی جب کہ گروپ ٹو سے اب تک پاکستان سیمی فائنل میں پہنچا ہے۔

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں جنوبی افریقا انگلینڈ کو شکست دینے کے باوجود سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا جس کے بعد گروپ ون سے انگلینڈ اور آسٹریلیا نے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔

اس سے قبل آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر نہ صرف 8 پوائنٹس حاصل کرلیے تھے بلکہ اپنا رن ریٹ بھی جنوبی افریقا سے بہتر کرلیا تھا جس کے بعد جنوبی افریقا اور انگلینڈ کا میچ اہمیت اختیار کرگیا تھا اور سیمی فائنل میں رسائی کی دوڑ میں تینوں ہی ٹیمیں شامل تھیں۔

جنوبی افریقا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 189 رنز بنائے اور انگلینڈ کو جیت کے لیے 190 رنز کا ہدف دیا۔ انگلینڈ کو سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرنے کے لیے 87 رنز بنانے تھے جب کہ جنوبی افریقا کو سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرنے کے لیے 58 رنز کی جیت درکار تھی اور انگلینڈ کو 131 رنز تک محدود کرنا تھا جس میں جنوبی افریقا ناکام رہی اور سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔

واضح رہے گروپ ٹو سے اب تک پاکستان نے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی ہے اور دوسری ٹیم کا فیصلہ کل نیوزی لینڈ اور افغانستان کے میچ کے بعد ہوگا۔ نیوزی لینڈ کی جیت کی صورت میں بھارت ایونٹ سے باہر ہوجائے گا جب کہ افغانستان کی جیت کی صورت میں سیمی فائنل میں رسائی کے لیے بھارت، نیوزی لینڈ اور افغانستان کے درمیان رن ریٹ کی جنگ چھڑ جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں