چینی بحران کئی گودام سیل گرفتاریاں یوٹیلٹی اسٹورز پر آٹا بھی نایاب

60ہزاربوریاں برآمد،متعددشہروں میں چینی 160روپے کلوفروخت ،لاہورمیں ٹریڈنگ معطل، شوگر ملزمیں وافرسٹاک کم،سپلائی روک دی۔


News Agencies/Numaindgan Express November 07, 2021
شوگرصوبائی معاملہ،40ہزار ٹن کاجہازآرہاجلدسستی ملے گی،ترجمان وزارت خزانہ۔ فوٹو: فائل

ملک بھر میں چینی بحران پر متعدد گرفتاریاں، 24 مقدمات درج کرکے ہزاروں ٹن چینی برآمدکرلی جب کہ 19 مقامات کو سیل کیا گیا۔

ملک کے متعددشہروں میں چینی 160 روپے کلو فروخت ،کراچی میں ہول سیل میں چینی کی قیمت میں کمی کارجحان، لاہور سمیت پنجاب بھر میں چینی کی فی کلو 145 روپے سے تجاوز، حکومتی ہدایات اور سرکاری نرخنامے ردی کی ٹوکری میں پھینک دیئے،ذخیرہ اندوز مصنوعی بحران پیدا کر کے منافع کمانے میں مصروف جبکہ انتظامیہ نے شہر کی غلہ منڈیوں میں چینی کی ٹریڈنگ معطل کردی گئی۔

پنجاب میں 27 روز کیلئے ڈیڑھ لاکھ ٹن چینی کا سرکاری و نجی سٹاک موجود ہے۔صوبے کے روزانہ چینی کی ضرورت 5500 میٹر ک ٹن ہے ،لاہور میں آٹا، گھی ،پھل ،سبزیوں کی طرح چینی کی قمیت بھی قوت خرید سے باہر ہو گئی۔پنجاب میں چینی کی ایکس مل قیمت 84.75، ریٹیل 89.75 روپے فی کلوگرام مقرر ہے۔

حکومتی دعوی ہے کہ پنجاب میں اس وقت چینی وافر مقدار میں موجود۔تھوک مارکیٹ سے چینی غائب ہے۔ شوگر ملز نے چینی کا وافر سٹاک کم کرکے سپلائی روک دی ، باغبانپورہ ، کاہنہ اور اکبری غلہ منڈی میں مقامی چینی غائب ہے۔ پرچون بازاروں میں بھی مقامی چینی کی فروخت بند ہے، دکانداروں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے جرمانوں اور مقدمات کے اندراج سے بچنے کیلئے مقامی چینی رکھنا بند کردی ہے۔

ہول سیل مارکیٹ میں چینی موجود ہی نہیں، دکانوں پر درآمدی باریک چینی موجود لیکن خریدار کوئی نہیں، شوگر ملز کے پاس 50 ہزار میٹرک ٹن چینی کا سٹاک ہے۔بعض علاقوں میں چینی کی قلت ،یوٹیلیٹی اسٹورز پر رعایتی چینی غائب ،لاہور میں 130روپے سے 140روپے ،کوئٹہ ،حیدرآباد،فیصل آباد میں 160 روپے،پشاور 150 روپے۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق کوئٹہ میں ہول سیل مارکیٹ میں چینی 142روپے کلو ، ملتان میں باریک چینی 90 روپے، ہول سیل میں موٹی چینی 125 سے130 روپے کلو ،میرپور آزاد کشمیر 150 روپے کلو فروخت ہورہی،دوکانداروں کی اکثریت نے جرمانوں اور مقدمات کے خوف سے چینی بیچنا چھوڑ دی۔

ادھر ڈیلروں نے اعلان کیا کہ قیمت مزید بڑھے گی،ضلعی انتظامیہ لاہور نے چینی ذخیرہ کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے بیگز ضبط کرلیے،رائیونڈ ،کچاجیل روڈ، فیروزپورروڈ اور گڑھی شاہومیں مہنگی چینی بیچنے پر 4سٹورسیل کرکے 5 افراد کو گرفتارکرکے مقدمات درج کرادیے۔

سرگودھا میں انتظامیہ نے ذخیرہ اندوزی اورچینی مہنگی فروخت کرنے پرچارجنرل سٹورز سیل کرکے 500 بوریاں قبضے میں لیکر مالکان پر بھاری جرمانے کردیے،فیصل آباد انتظامیہ نے دو گوداموں سے ذخیرہ چینی کی 1198 بوریاں قبضہ میں لیکر گودامز سیل کرادیے۔

نمائندہ ایکسپریس کے مطابق اے سی تاندلیانوالہ نعمان ڈوگر نے تاندلیانوالہ شوگر ملز کنجوانی کے گودام سیل اور 44 ہزار سے زائد چینی کی بوریاں قبضہ میں لے لیںڈسٹرکٹ رپورٹرکے مطابق بہاولپورانتظامیہ نے منچن آباد سے 5875 من گھی اور 11 ہزار 100 من چینی، حاصل پور سے 275 من چینی، بہاولنگر سے 300 من چینی 250 من گھی،یزمان،اوچ شریف اور سٹی بہاولپور میں 1000ہزار سے زائدچینی کی بوریاں برآمد کرکے سٹورز کو سیل کر دیا گیا۔

راولپنڈی انتظامیہ نے میں چینی بحران پر 19 گرفتار ،24 مقدمات درج کرکے ہزاروں ٹن چینی برآمدکرلی،19 مقامات کو سیل کیا گیا، راولپنڈی اسلام آباد میں چینی کا بحران تیسرے روز بھی حل نہیں ہوسکا۔

کراچی میں ہول سیل میں چینی 125 روپے کلو پر آگئی تاہم خوردہ سطح پر منافع خوری کا رجحان برقرار، کراچی میں بدستور 140 سے 145 روپے کلو فروخت ہورہی ہے، کراچی ہول سیل گراسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالرؤف ابراہیم کے مطابق 2 روز میں تھوک میں 17 روپے سستی ہوئی،کمی کیلیے 15 نومبر سے کرشنگ کا آغاز ضروری ہے۔

وفاقی وزارت خزانہ کے ترجمان مزمل اسلم نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ چینی معاملہ صوبائی ہے ،چینی کی قیمت آئندہ چند روز میں کم ہوگی ، 40ہزار ٹن کا جہاز چینی لیکر آئندہ چند روز میں بندرگاہ پر لگ جائیگا جس کے بعد چینی سستی ہوجائیگی ،15نومبر سے پنجاب میں کرشنگ کا سیزن شروع ہوجائیگا، سندھ حکومت ملیں کھلوا رہی ہے نہ وفاق سے مدد مانگ رہی ہے،حکومت شوگر پرائس پر ہر جگہ اپنی رٹ قائم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس سال ملک میں چینی کی پیدوار کا تخمینہ ضرورت سے 10 سے 15 فیصد زیادہ ،چینی کی ماہانہ کھپت 5لاکھ ٹن ،سالانہ کھپت 60لاکھ ٹن ہے، پنجاب میں یوٹیلیٹی اسٹورز پر 85روپے اورسستے بازاروں میں 90 روپے کلو چینی دستیاب ہے، حکومت کے پاس 1لاکھ ٹن چینی کے ذخائر کے ساتھ 22دن کا اسٹاک موجود،شوگر ملز کے پاس 80ہزار سے 1لاکھ ٹن چینی ہے۔پنجاب حکومت نے گنے کی ریٹ کا اعلان 225 روپے فی من کے حساب سے کرچکی ہے۔

ادھرچیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل سے پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے چار رکنی وفد نے سیکرٹری جنرل حسن اقبال کی سر براہی میں ملاقات کی اور شوگر انڈسٹری کو درپیش مسائل بارے آگاہ کیا۔

چیف سیکرٹری نے کہا شوگر انڈسٹری کے جائز مسائل کے حل کیلئے اتفاق رائے سے لائحہ عمل مرتب کیا جائیگا،ایسوسی ایشن چینی کی قیمت میں استحکام کیلئے اپنا کر دار ادا کرے، شہریوں کو اشیاء ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنائی جائیگی۔ وفد نے حکومت کو تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

علاوہ ازیں یوٹیلیٹی اسٹورز پر آٹے کی قلت ، وفاقی دارالحکومت کے یوٹیلیٹی اسٹورز سے آٹاختم، یوٹیلیٹی اسٹورزکے مطابق آٹے کا مسئلہ سوموار کے روز تک حل ہو جائیگا،یوٹیلیٹی اسٹورز پر اس وقت حکومت کی جانب سے 20 کلو آٹے کا تھیلا 950 روپے کا فراہم کیا جارہا ہے اور شہریوں کی بڑی تعدادیوٹیلیٹی اسٹورز کا رخ کررہی ہے مگر اسٹورز پر آٹا دستیاب نہیں۔

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔