کرس گیل کا ریٹائرمنٹ کے اعلان سے یو ٹرن

میرا کیرئرغیر معمولی رہا ہے جمیکا میں الوداعی میچ کھیلنا چاہتا ہوں ، کرس گیل


ویب ڈیسک November 07, 2021
بہت سے لوگ میری محنت کو نہیں دیکھتے کیونکہ میں خاموشی سے محنت کرتا ہوں، کرس گیل فوٹو: فائل

ویسٹ انڈیز کے لیجنڈ بلے باز کرس گیل نے ریٹائرمنٹ کے اعلان سے یو ٹرن لے لیا۔

آئی سی سی سے کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کرس گیل نے کہا کہ میں نے اپنے کیرئیر میں کافی جدو جہد کی ہے، میرا کیرئیر شاندار رہا ہے، میں نے ویسٹ انڈین کرکٹ کے لیے آنسو اور خون بہایا ہے۔ میں اب بھی ویسٹ انڈیز کے لیے بیٹنگ کررہا ہوں، میں نے ابھی تک ریٹائرمنٹ کا اعلان نہیں کیا، میں اپنے آبائی ملک جمیکا میں الوداعی میچ کھیلنا چاہتا ہوں۔ اگر ایسا نہ ہوا تو پھر صورت حال دیکھ کر میں بھی ڈی جے براوو کی صف میں شامل ہوجاؤں گا لیکن فی الحال ریٹائرمنٹ کے حوالے سے کچھ نہیں کہہ سکتا۔

کرس گیل نے کہا کہ میں ویسٹ انڈیز کے بارے میں بہت پرجوش ہوں، ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کرنا ہمیشہ خوشی کی بات رہی ہے، جب ہم میچ ہار جاتے ہیں تو یہ واقعی بہت برا ہوتا ہے، گزشتہ روز آسٹریلیا کے خلاف مقابلہ ان کے کیریئیر میں ورلڈ کپ کا آخری مقابلہ تھا۔ میں اس سے لطف اندوز ہونا چاہتا تھا۔ میں بہت پرعزم انسان ہوں۔ میں محنت کرتا ہوں۔ بہت سے لوگ میری محنت کو نہیں دیکھتے کیونکہ میں خاموشی سے محنت کرتا ہوں۔ مجھے ایک چیز میں مہارت ہے اور میں اسے سمجھداری سے استعمال کرتا ہوں، میرے پاس کچھ بھی نہیں تھا، میں نے اپنے سفر کے دوران بہت کچھ پایا ہے، میں نے اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر 20 سال ناصرف ویسٹ انڈیز کے کی نمائندگی کی بلکہ دنیا بھر میں کھیلا۔

ویسٹ انڈین بلے باز کا کہنا تھا کہ ایک کھلاڑی بعض اوقات بیک وقت مختلف چینلجز سے نبرد آزما ہوتا ہے اور ہم اس کا کسی سے اظہار بھی نہیں کرپاتے، ہمیں مقابلے میں کارکردگی دکھانا ہوتی ہے اور باقی تمام چیزیں پس پردہ چلی جاتی ہیں، ورلڈ کپ کے آغاز سے ہی میرے والد کی طبیعت ٹھیک نہیں، وہ 91 برس کے ہیں اور اب میں سیدھا جمیکا میں اپنے والد کے پاس جاؤں گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔