سعودی عرب میں دنیا کے پہلے ’فضائی عجائب گھر‘ پرواز کا افتتاح
سعوی عرب سے تاریخی شہر العُلا جانے والی پرواز میں مسافروں کو فضا میں عجائب گھر کا نظارہ کرایا جائے گا۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ''ایس پی اے'' کے مطابق آسمان یا فضاؤں میں دنیا کے پہلے میوزیم کا نظارہ کرنے کے لیے سعودی ایئرلائن اور العُلا کے اشتراک سے پہلی پرواز میں مہمانوں کا پُرتپاک استقبال کیا گیا۔
اس پرواز کا اہتمام تاریخی شہر العُلا اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ پرواز میں آثار قدیمہ کے صرف ایک چھوٹے سے حصے کی نشاندہی کی گئی ہے اور وہاں سے کھدائی کے دوران ملنے والے نوادرات کا ایک نمونہ بھی دکھایا جس پر اس وقت ماہرین تحقیق کر رہے ہیں۔
علاوہ ازیں اس پرواز کے دوران ڈسکوری چینل کی دستاویزی فلم "قدیم عرب کے معمار" کو بھی نشر کیا گیا، جس میں عالمی ماہرین آثار قدیمہ کی ٹیم کو سعودی عرب میں قدیم پتھر کے ڈھانچے کے ایک سیٹ کی تحقیقات کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
العُلا 2 ہزار سال قدیم شہر ہے جو مدائن صالح کے شاندار شاہانہ مقبروں کے لیے شہرت رکھتا ہے۔ یہاں قبل اسلام کے باشندے نباطین آباد تھے جنھوں نے پہاڑوں کی چٹانوں کو تراشا تھا اور پڑوسی ملک اردن میں بتراء کا شہر بھی تعمیر کیا تھا۔
اب یہاں فرانسیسی اورسعودی ماہرین آثارقدیمہ کی ایک ٹیم پانچ مختلف مقامات پر دادانی اور لحیانی تہذیبوں کی آثار جاننے کے لیے کھدائی کر رہے ہیں۔ یہ دونوں تہذیبیں 2000 سال قبل پھلی پھولی تھیں اوراہم علاقائی طاقتیں سمجھی جاتی تھیں۔
العُلا میں ہونے والی اس کھدائی کے دوران تاریخ کے کئی سربستہ رازوں سے پردہ اُٹھ رہا ہے۔ اسکائی میوزیم فلائٹ انہی تحقیقات سے روشناس کرانے کے لیے متعارف کرائی گئی ہے۔