بلوچستان كی 14ركنی كابینہ نے حلف اٹھالیا 5 مشیر بھی شامل

18 ویں ترمیم كے باعث وزراء كی تعداد محدود ہے تاہم سب كو ساتھ لے كر چلنے كی كوشش كریں گے، عبدالقدوس بزنجو


ویب ڈیسک November 07, 2021
18 ویں ترمیم كے باعث وزراء كی تعداد محدود ہے تاہم سب كو ساتھ لے كر چلنے كی كوشش كریں گے،عبدالقدوس بزنجو۔(فوٹو: ڈی جی پی آر)

بلوچستان كی 14ركنی نئی صوبائی كابینہ نے حلف اٹھالیا ہے، بلوچستان عوامی پارٹی، بی این پی عوامی، پی این پی، پاکستان تحریک انصاف، اے این پی اور ہزارہ ڈیمو كریٹک پارٹی كے ركن كابینہ كا حصہ بن گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بلوچستان كی 14 ركنی كابینہ نے حلف اٹھالیا ہے، نومنتخب وزراء سے گورنر بلوچستان نے عہدے كاحلف لیا، گورنر ہاؤس میں نومنتخب وزراء كی حلف برداری كے سلسلے میں پروقار تقریب كا انعقاد كیا گیا جس میں گورنر بلوچستان سید ظہور آغا نے نومنتخب وزراء بلوچستان عوامی پارٹی كے قائم قام صدر وصوبائی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر میر ظہور احمد بلیدی، سردار صالح محمد بھوتانی، نوابزادہ طارق مگسی، سردار عبد الرحمٰن كھیتران، حاجی نور محمد دومڑ، حاجی اكبر آسكانی، میرسكندر عمرانی، حاجی محمد خان لہڑی، بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی) كے میر اسد اللہ بلوچ، پاكستان نیشنل پارٹی كے سید احسان شاہ، پاكستان تحریک انصاف كے نصیب اللہ مری، مبین خان خلجی، عوامی نیشنل پارٹی كے انجینئر زمرک خان اچكزئی، ہزارہ ڈیموكریٹک پارٹی كے عبدالخالق ہزارہ سے حلف لیا۔

تقریب حلف برداری میں وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو، وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال، ڈپٹی اسپیكر قومی اسمبلی محمد قاسم خان سوری، اركان اسمبلی اصغر خان اچكزئی، ملک نعیم خان بازئی، نوابزادہ گہرام بگٹی، قادر علی نائل، اصغر علی ترین، میر یونس عزیز زہری، لالا رشید بلوچ، مكھی شام لعل، خلیل جارج، سینیٹر نصیب اللہ بازئی، چیف سیكرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا، آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر رائے، صوبائی محتسب اعلیٰ بلوچستان نذر محمد بلوچ، سیكرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی محمد ہاشم غلزئی، وزیر اعلی كے پرنسپل سیكرٹری اسفندیار خان كاكڑ و دیگر بھی موجود تھے۔

سب كو ساتھ لے كر چلنے كی كوشش كریں گے، عبدالقدوس بزنجو

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے گورنر ہاوس میں صوبائی وزراءكی تقریب حلف برداری كے بعد صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ نو منتخب وزرا كو وزراتوں كے قلمدان جلد تفویض كردیئے جائیں گے، نئی كابینہ كےساتھ مل كر عوام كی خدمت كریں گے، 18 ویں ترمیم كے باعث وزراء كی تعداد محدود ہے تاہم سب كو ساتھ لے كر چلنے كی كوشش كریں گے۔ صوبائی كابینہ میں پشتون اركان اسمبلی كو بھی نمائندگی دی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ نے كہا كہ كس وزیر كو كون سا قلمدان تفویض كرنا ہے یہ سب واضح ہے وزراءكے قلمدان كے بارے میں جلد اعلان كیا جائے گا، امید ہے وزراء بلوچستان كے لیے اچھا پرفارم كریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ینگ ڈاكٹرز كے سڑكوں پر نكلنے سے پہلے ہی ان كے مسائل حل كرنے کے لیے كمیٹی بنادی ہے، كسی كو حكومتی رٹ چیلنج نہیں كرنے دیں گے امید ہے ڈاكٹرز عوام كی خدمت كریں گے۔

صوبائی كابینہ میں 5 مشیر بھی شامل، نوٹیفیكیشن جاری

نئی بلوچستان كابینہ میں 5 مشیر بھی شامل ہیں، جن کا نوٹیفیكیشن جاری كردیا گیا، بلوچستان حكومت كے رولز آف بزنس6 ( a 2012 ) كے تحت جمہوری وطن پارٹی كے نوابزادہ میر گہرام بگٹی، پاكستان تحریک انصاف كے میر نعمت اللہ زہری، بلوچستان عوامی پارٹی كے عبدالرشید بلوچ، سردار مسعود لونی اورمیر ضیاءاللہ لانگو كو وزیراعلیٰ بلوچستان كا مشیر تعینات كیا گیاہے جن كا عہدہ صوبائی وزیر كے برابر ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں