پیپلزپارٹی اور ن لیگ کا مشترکہ طور پر حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ

شہباز شریف کے چیمبر میں اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس، پارلیمنٹ میں حکومت کو ٹف ٹائم دیا جائے گا


Staff Reporter November 08, 2021
شہباز شریف کے چیمبر میں اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس، پارلیمنٹ میں حکومت کو ٹف ٹائم دیا جائے گا (فوٹو : فائل)

پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) سمیت تمام اپوزیشن نے حکومت کے خلاف مشترکہ احتجاج کا فیصلہ کیا ہے، تمام جماعتیں حکومت کو پارلیمان میں مل کر ٹف ٹائم دیں گی۔

شہباز شریف کی سربراہی میں اپوزیشن جماعتوں کا مشترکہ اجلاس ان کے چیمبر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، رہنما یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، رضا ربانی، شہری رحمان، اے این پی کے رہنما امیر حیدر ہوتی، جے یو آئی کے رہنما سعد محمود شریک ہوئے۔

شہباز شریف نے کہا ہے کہ کل اپوزیشن جماعتوں کی مشترکہ پارلیمانی جماعتوں کا اجلاس ہوگا، عوام کے مسائل چاہے مہنگائی یو یا کچھ اور ہم سب ان پر یکسو ہیں، احتساب کے نام پر جو زیادتی ہورہی ہے اس کے خلاف ہم سب پارلیمان میں اکٹھے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں شہباز شریف نے کہا کہ چاہے کوئی بھی معاملہ ہو وزیر اعظم کبھی آئے ہی نہیں، ان کا کردار انتہائی قابل مذمت ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نالائق اور نااہل حکومت کو مل کر بھگائیں گے، جب سے پی ٹی آئی ایم ایف مسلط ہوئی ہے مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے اور عوام پریشان ہیں، یہی اہم نقطہ ہے جس پر پوری اپوزیشن جمع ہوئی ہے، عوام کے مسائل کی خاطر چاہے وہ مہنگائی ہو یا ای وی ایم کے ذریعے ووٹ ڈالنے کی کوشش یا سیاسی انتقام ہو، ہم اس کے خلاف پارلیمان کی حد تک متحد ہیں۔

انہوں ںے کہا کہ ہم سب مل کر عوام کے مسائل کو اٹھائیں گے، حکومت کی ناکام پالیسیوں کو ایکسپوز کریں گے، ہماری پوری کوشش ہوگی کہ دھاندلی اور حکومت کی سیاسی انتقام کی سازش کو ناکام بنائیں۔

مولانا اسعد محمود نے کہا کہ عوام کے مسائل پر تمام اپوزیشن اکٹھی ہے، لوگ اعتماد رکھیں، ہم ان کے حقوق کی جنگ لڑیں گے۔

امیر حیدر ہوتی نے کہا کہ پارلیمان کے اندر اپوزیشن زیادہ موثر نظر آئے گی، ای وی ایم کے ذریعے الیکشن کو چوری کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، اس وقت سب سے بڑا مسئلہ مہنگائی کا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں