بابر اعظم نے سیمی فائنل میں حسن علی سے بلند توقعات وابستہ کرلیں

حسن علی بڑے میچ کا کھلاڑی ہے اس سے بڑی امیدیں ہیں، بابراعظم

ٹیم کے گیارہ کھلاڑی ایک جیسی پرفارمنس نہیں دکھا سکتے ، قومی کپتان فوٹو: فائل

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں حسن علی سے بلند توقعات وابستہ کرلیں۔

دبئی میں ورچوئل پریس کانفرنس کے دوران بابر اعظم نے کہا کہ حسن علی کو ڈراپ کرنے کا نہیں سوچ سکتا، پیسر ہمارے اہم بولر اور میچ ونر ہیں، کارکردگی میں اتار چڑھاؤ آتے مگر وہ بڑے میچز کا کھلاڑی ہے، پوری ٹیم ان کو سپورٹ کر رہی ہے، سیمی فائنل اور انشاء اللہ فائنل میں بھی حسن علی سے توقعات وابستہ ہیں۔ کرکٹ میں ٹیم کے گیارہ کے گیارہ پلئیرز ایک ساتھ بہترین پرفارم نہیں کرتے، فخر زمان اپنے انداز میں کھیلتا اور جب اچھا دن ہوتا ہے میچ کا پانسہ پلٹ دیتا ہے۔


بابر اعظم نے کہا کہ ورلڈ کپ میں جیت کا تسلسل برقرار رکھیں گے ، سیمی فائنل میں ہر کھلاڑی سو فیصد دینے کی کوشش کرے گا ، ابھی تک کے پانچوں میچز میں الگ الگ مین آف دی میچ اس بات کا ثبوت ہے کہ کھلاڑی اپنی ذمہ داری نبھا رہے ہیں، جس تسلسل سے 5 میچز جیتے اسی کو سیمی فائنل میں آگے لے کر جائیں گے، ٹی ٹوئنٹی میں کوئی ٹیم کمزور نہیں ہوتی، ہم نے اچھی کرکٹ کھیلی ہے اب مزید کوشش کا وقت آگیا ہے۔

کپتان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ سے قبل گزشتہ مقابلوں میں تجربہ حاصل کرنے کا بھی موقع ملا، ورلڈ کپ کے لئے کپتان کی حیثیت سے بہترین کمبی نیشن چاہتا تھا ، ٹیم مرضی کی بن گئی تو میدان کے اندر اور باہر جرات سے فیصلے کئے۔

بابر اعظم نے کہا کہ بائیو ببل میں مسائل ہوتے ہیں، ذہنی بوجھ رہتا ہے، منفی اثرات کا کھیل پر اثر پڑتا ہے، مشکل صورتحال میں مینجمنٹ مدد کرتی ہے، کھلاڑی بھی ایک دوسرے کی سپورٹ کرتے ہیں۔
Load Next Story