پاکستانی عوام کو دنیا کی سب سے سستی گیس مل رہی ہے فواد چوہدری

گیس پر دی گئی سبسڈی کا غلط استعمال کیا جارہا ہے، وفاقی وزیر


ویب ڈیسک November 09, 2021
آئین کے تحت کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے مذاکرات ہورہے ہیں، فواد چوہدری فوٹو: فائل

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام کو دنیا کی سب سے سستی گیس مل رہی ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ کے دوران فواد چوہدری نے کہا کہ افغانستان کے 2 کروڑ 23 لاکھ افراد بھوک کا شکار ہیں، وہاں آٹے اور چاول کے لئے بچوں کو بیچا جارہا ہے، افغانستان کے حوالے سے پاکستان نے ایک خصوصی فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پاکستان نے افغانستان کے ساتھ تجارت کے لئے سارے ٹیکس ختم کردیئے۔ افغانستان کے مسئلے پر او آئی سی کا اجلاس بھی بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ میڈیا ہر وقت مہنگائی کے بارے سنسنی پھیلارہا ہے، ملک میں گیس کے ذخائر ختم ہورہے ہیں، پاکستانی عوام کو دنیا کی سب سے سستی گیس مل رہی ہے، گیس پر دی گئی سبسڈی کا غلط استعمال کیا جارہا ہے، مارچ کے بعد گیس بحران کم ہوجائے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ڈی ایم بھان متی کا کنبہ ہے، 2023 میں الیکشن کی طرف جائیں گے، اپوزیشن کو ڈیڑھ 2 سال صبر کرنا پڑے گا اور پھر 5 سال مزید صبر کرنا پڑے گا، یہ 90 کی دہائی نہیں کہ آپ سازشوں میں لگے رہیں.

فواد چوہدری نے کہا کہ آئین کے تحت کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے مذاکرات ہورہے ہیں، تحریک طالبان میں کئی گروپ ہیں جو ہتھیار پھینکیں گے ان سے مذاکرات کریں گے۔ پاک فوج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں، یہ نہیں ہوسکتا کہ ریاست مسلسل حالات جنگ میں رہے، اس وقت صرف سیزفائر پر بات ہورہی ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں