بم دھماکے بھارت کروارہا ہے کوئی طاقت کشمیر کی آزادی نہیں روک سکتی منور حسن حافظ سعید

مذاکرات سے سیکولرلابی مایوس ہوگئی،امیرجماعت اسلامی کاآبپارہ میں ریلی سے خطاب،کشمیرکے بغیرپاکستان ادھوراہے،حافظ سعید


Numaindgan Express February 06, 2014
بھارت ہمارے دلوں اورہمارے ایمان پرقبضہ نہیں کرسکتا، جموں وکشمیرسے بھارت کے ناپاک قبضے کوختم کرینگے۔ریلی سے خطاب۔فوٹو:اے پی پی

لاہور: امیر جماعۃالدعوۃ حافظ سعید نے کہاہے کہ ملک حساس حالات سے دوچارہے،افغانستان میں بیٹھا بھارت پاکستان میں دہشتگردی کروارہاہے جبکہ امیرجماعت اسلامی منورحسن نے کہا ہے کہ آزادی کشمیرکی منزل قریب ہے، دنیا کی کوئی طاقت اسے کھوٹا نہیں کرسکتی۔

لاہو رمیں دفاع پاکستان کونسل نے مرکز القادسیہ چوبرجی سے مسجدشہداء مال روڈ تک ''کشمیر کارواں'' نکالا،اس موقع پرخطاب میں امیر جماعۃالدعوۃ حافظ سعیدنے کہاکہ ملک حساس حالات سے دوچارہے، افغانستان میں بیٹھا بھارت پاکستان میں دہشت گردی کروارہاہے۔ طالبان سے مذاکرات شروع ہونے پراس نے یہ سلسلہ تیزکردیا، پشاور، کراچی دھماکوںسے طالبان کی لاتعلقی کے بعدیہ بات کھل کر سامنے آگئی ہے، بھارت نے امریکا کی شہ پرپاکستان کو میدان جنگ بنایا، اسے تمام جرائم کاحساب دینا پڑے گا۔ابتسام الہٰی ظہیرنے کہاکہ کشمیریوں کی مددوحمایت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ دختران ملت مقبوضہ کشمیرکی سربراہ آسیہ اندرابی نے ٹیلیفونک خطاب میں کہاکہ بھارت ہمارے دلوں اورہمارے ایمان پرقبضہ نہیں کرسکتا، جموں وکشمیرسے بھارت کے ناپاک قبضے کوختم کرینگے۔

 photo 4_zpsf76d73fa.jpg

''کشمیر کارواں '' سے خطاب کرتے ہوئے منور حسن نے کہا کہ پوری دنیا میں مسلمانوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے، افغانستان امریکا کاقبرستان بن چکاہے، وہ دنیا کی 62 فیصدفوج لے کرافغانستان میں آیااورشکست کھاکرواپس جا رہا ہے، امریکی انخلاء کے بعد بھارت کوافغانیوں سے واسطہ پڑے گاجوبھارت کو مشرک قرار دیتے ہیں،جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیرکے امیر عبدالرشید ترابی نے کہاکہ بھارت مذاکرات کے سارے مواقع ضائع کر چکا ہے، بچہ بچہ آزادی کیلیے پرعزم ہے۔ غلام محمدصفی نے کہاکہ کشمیری کسی بندربانٹ کوتسلیم نہیں کریں گے، قربانیاں آلو پیاز کی تجارت کیلیے نہیں دیں۔ حق خودارادیت سے کم کسی حل پرآمادہ نہیں ہونگے۔ اسلام آباد میں بھی دفاع پاکستان کونسل نے آئی ایٹ مرکزسے نیشنل پریس کلب تک کشمیر کارواں نکالا۔

اس موقع پرحمیدگل نے کہاکہ افغانستان میں امریکا کو شکست ہورہی ہے اور بھارت کی کوئی حیثیت نہیں، لاہور میں ایک تقریب سے خطاب میں حافظ سعیدنے کہاکہ حقیقی مجاہدین اورطالبان مکمل طور پر پاکستان کے حامی ہیں۔ حقیقی مجاہدین سے بدلہ لینے کیلیے جعلی طالبان کھڑے کیے گئے،فیصل آباد میں جلسہ عام سے جماعۃ الدعوۃ کے مرکزی رہنمامولاناامیرحمزہ نے کہا اگردنیانے مسئلہ کشمیرکوحل نہ کیاتوایٹمی جنگ ہوسکتی ہے فریڈم پارٹی جموں کشمیرکے سربراہ شبیراحمدشاہ نے مقبوضہ کشمیر سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آزادی کشمیرسے کم پرہم کوئی سمجھوتہ نہ کرینگے۔پاکستان سُنی تحریک کے زیراہتمام مرکز اہلسنت جامعہ غوثیہ ترنول میں منعقدہ سالانہ کشمیرکانفرنس سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے سربراہ ثروت اعجازقادری نے کہاکہ کشمیرکے بغیرپاکستان ادھوراہے۔پاکستان کی تکمیل کیلیے کشمیرکی آزادی زندگی اور موت کامسئلہ ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔