بنگلہ دیش کے سابق چیف جسٹس کو کرپشن پر 11 سال قید

جسٹس سریندا کمار سنہا بنگلہ دیش کے پہلے ہندو چیف جسٹس تھے


ویب ڈیسک November 10, 2021
جسٹس سریندا کمار سنہا بنگلہ دیش کے پہلے ہندو چیف جسٹس تھے

بنگلہ دیش کی عدالت نے سابق چیف جسٹس سریندا کمار سنہا کو کرپشن کے جرم میں 11 سال قید کی سزا سنادی۔

جسٹس سریندا کمار سنہا بنگلہ دیش کے پہلے ہندو چیف جسٹس تھے۔ ڈھاکا کی خصوصی عدالت کے جج شیخ نظم العالم نے جسٹس سریندا کمار سنہا کے خلاف منی لانڈرنگ اور کرپشن کے مقدمے کی سماعت کی۔

جسٹس سریندا کمار سنہا عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ خصوصی عدالت نے جرم ثابت ہونے پر سریندا کمار سنہا کی غیر موجودگی میں انہیں منی لانڈرنگ کے جرم میں 7سال اور اعتماد مجروح کرنے کے جرم میں 4 سال یعنی مجموعی طور پر 11 سال قید کی سزا سنا دی۔

70 سالہ سابق چیف جسٹس اس وقت امریکا میں مقیم ہیں اور ان پر 4 کروڑ ٹکا کی منی لانڈرنگ کا کیس تھا، جو کسان بینک سے قرض لیا گیا تھا۔ جسٹس سنہا دو سال ملک کے چیف جسٹس رہے اور 2017 میں بیرون ملک منتقل ہوگئے۔

ان کے دور میں سپریم کورٹ نے ایک فیصلے میں ارکان پارلیمنٹ سے ملک کے اعلیٰ ترین ججز کو برطرف کرنے کا اختیار چھین لیا تھا۔ سنہا نے الزام لگایا ہے کہ ان سے جبری استعفیٰ لیا گیا تھا کیونکہ انہوں نے ملک کی موجودہ غیر جمہوری اور آمرانہ حکومت کی مخالفت کی تھی۔ اور ان کے خلاف کرپشن کا مقدمہ بھی محض انتقامی کارروائی ہے۔

واضح رہے کہ سابق چیف جسٹس سریندا کمار سنہا بنگلہ دیش کی تاریخ کے پہلے چیف جسٹس ہیں جنہیں کرپشن پر سزا سنائی گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں