وزیراعظم عمران خان کا ٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل دیکھنے کا فیصلہ

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے بھی وزیراعظم سے ورلڈ کپ ٹی ٹوینٹی کے فائنل میچ کو دیکھنے کی اجازت لے لی، ذرائع


ویب ڈیسک November 11, 2021
وزیراعظم کے ساتھ فواد چوہدری بھی دبئی میچ دیکھنے جائیں گے۔ (فوٹو: فائل)

وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کی جیت کی صورت میں ٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل دیکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق دبئی میں جاری آئی سی سی ٹی ٹوینٹی ورلڈ کے سیمی فائنل میں آج پاکستان کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہے، اور اگر پاکستان سیمی فائنل میں فتح حاصل کرلیتا ہے تو وزیراعظم عمران خان ایونٹ کا فائنل میچ دیکھنے اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے دبئی جائیں گے، وزیراعظم عمران خان کے ساتھ وفاقی وزیر فواد چوہدری بھی ہوں گے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان میچ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سے درخواست کی ہے کہ اگر ہم فائنل میں پہنچے تو وزیراعظم فائنل دیکھنے ضرور جائیں، آج پاکستان اور آسٹریلیا کا میچ دو بڑی اور تگڑی ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہے، پاکستان کرکٹ ٹیم جس طریقے سے آج شاندار کھیل کا مظاہرہ کر رہی ہے، ایسی کارکردگی بہت کم رہی ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آج کا میچ جیت کر ہم نے فائنل میں نیوزی لینڈ سے سیکیورٹی کا مسئلہ بھرپور طریقے سے حل کرنا ہے، اس لئے آج کا میچ جیتنا ضروری ہے، آج کا میچ ضرور جیتیں گے، پوری قوم اپنی ٹیم کے ساتھ کھڑی ہے، تمام کھلاڑیوں کے پاس سپر سٹار بننے کا موقع ہے، پانچ مختلف پلیئرز کو مین آف دی میچ کا اعزاز ملا ہے، اب دیکھتے ہیں چھٹے میچ میں کس کو یہ اعزاز حاصل ہوتا ہے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرداخلہ شیخ رشید بھی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ فائنل دیکھنے دبئی جائیں گے، اور انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے دبئی جانے کی اجازت مانگ لی ہے۔

شیخ رشید گزشتہ ماہ پاکستان اور بھارت کا میچ دیکھنے دبئی گئے تھے، تاہم ٹی ایل پی کے دھرنوں اور احتجاج کے باعث ہونے والی کشیدہ صورتحال کے باعث وزیراعظم نے شیخ رشید کو میچ سے پہلے وطن واپس بلا لیا تھا اور وفاقی وزیر کو وطن واپس لوٹنا پڑا تھا، تاہم اب شیخ رشید فائنل میچ دیکھنے دبئی جائیں گے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں