وزیراعظم کا حکومتی ٹیم کو ایک بار پھر نہ گھبرانے کا مشورہ

ہماری کرکٹ ٹیم جیسےہی خوف کا شکار ہوئی تو باؤلنگ غلط ہونے لگی، ٹیم آخر تک پُراعتماد رہتی تو نتیجہ مختلف ہوتا،عمران خان


ویب ڈیسک November 12, 2021
ہماری کرکٹ ٹیم جیسےہی خوف کا شکار ہوئی تو باؤلنگ غلط ہونے لگی، ٹیم آخر تک پُراعتماد رہتی تو نتیجہ مختلف ہوتا،عمران خان (فوٹو: فائل)

وزیراعظم عمران خان نے اپنی حکومتی ٹیم کو ایک بار پھر نہ گھبرانے کا مشورہ دیا اور کرکٹ ٹیم کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اگر کرکٹ ٹیم آخر تک پراعتماد رہتی تو ہرگز نہ ہارتی۔

وزیراعظم کے زیر صدارت کور کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ کور کیمٹی اراکین کو احساس راشن پروگرام پر بریفنگ دی گئی کہ احساس راشن پروگرام سے دو کروڑ خاندانوں کو آٹا، چینی اور دالیں سستی ملیں گی، شرکا کو اجلاس میں ملک بھر میں اشیاء پر سبسڈی دینے کے حوالے سے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلی پنجاب اور خیبر پختوانخوا نے بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں پر بریفنگ دی جب کہ کور کمیٹی کو کامیاب پاکستان پروگرام پر بھی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر اپنی ٹیم کو نہ گھبرانے کا مشورہ دیا اور کہا کہ کل کے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ہماری پُراعتماد ٹیم جیسے ہی خوف کا شکار ہوئی تو باؤلنگ غلط ہونے لگی، ٹیم آخر تک پُراعتماد رہتی تو نتیجہ مختلف ہوسکتا تھا۔

وزیراعظم نے ویلفیئر کے حکومتی اقدامات کو عوام تک پہنچانے پر زور دیا اور اپنی ٹیم سے سوال کیا کہ ویلفیئر کے اتنے کام ہو رہے ہیں، عوام تک کیوں نہیں پہنچا پا رہے؟ لوگوں کو آسان الفاظ میں بتائیں کہ حکومت ان کے لیے کیا کر رہی ہے، عام آدمی کا ریلیف اس وقت حکومت کی توجہ کا مرکز ہونا چاہیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں