وزیراعلی خیبر پختونخوا کا ہفتے بھر میں کرپٹ اہلکاروں کو عہدوں سے ہٹانے کا حکم

وزیراعلی کا گورننس کی موجودہ صورتحال خصوصا ضم اضلاع کی صورتحال پر عدم اطمینان کا اظہار


ویب ڈیسک November 15, 2021
وزیراعلی کا گورننس کی موجودہ صورتحال خصوصا ضم اضلاع کی صورتحال پر عدم اطمینان کا اظہار

ANKARA: وزیر اعلی محمود خان نے بعض سرکاری محکموں میں نچلی سطح پر بدعنوانیوں کی شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے بدعنوانی کے خاتمے اور گورننس کی بہتری کے لئے بڑا فیصلہ کرلیا۔

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت مختلف صوبائی محکموں کا اجلاس ہوا جس میں متعلقہ صوبائی وزراء اور انتظامی سیکرٹریوں نے شرکت کی۔

وزیراعلی نے گورننس کی موجودہ صورتحال خصوصا ضم اضلاع کی صورتحال پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ صوبائی وزراء اور سیکرٹریوں کو مبینہ طور پر بدعنوانیوں اور بے ضابطگیوں میں ملوث سرکاری افسران اور اہلکاروں کی لسٹیں فوری مرتب کرنے کی ہدایت کی۔

محمود خان نے مالی بے ضابطگیوں میں ملوث اہلکاروں کو عہدوں سے ہٹانے کے لئے ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا کہ منفی شہرت کے حامل تمام ضلعی سربراہان اور دیگر تمام اہلکاروں کو فوری طور پر عہدوں سے ہٹایا جائے، مبینہ طور پر بدعنوانی اور مالی بے ضابطگیوں میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کے لئے خفیہ اداروں سے معلومات حاصل کی جائیں۔ سرکاری محکموں میں بدعنوان عناصر کو ملازمتوں سے فی الفور فارغ کرنے کے لئے متعلقہ قوانین میں ضروری ترامیم کی جائیں۔

وزیر اعلی نے بدعنوان عناصر کے خلاف کارروائی کے لئے متعلقہ وزراء اور سیکرٹریوں کو مکمل اختیار دیتے ہوئے کہا کہ بدعنوانی میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی نہ ہونے کی صورت متعلقہ سیکرٹریز کو فارغ کردیا جائے گا، اس سلسلے میں کسی بھی قسم کے سیاسی اثرو رسوخ کو خاطر میں نہ لایا جائے، ہر قسم کا دباؤ میں خود برداشت کروں گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |