یورپ اور ایشیا میں برڈ فلو وائرس کا خطرہ سر اٹھانے لگا

چین میں 21 افراد میں برڈ فلو وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ ناروے، بیلجئیم، فرانس اور ہالینڈ میں بھی کیسز سامنے آئے ہیں

چین میں 21 افراد میں برڈ فلو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ فوٹو : فائل

دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وبا کم ہونے کا نام نہیں لے رہی تاہم اب یورپ اور ایشیا میں برڈ فلو وائرس کا خطرہ سر اٹھانے لگا ہے۔

جانوروں کی صحت کے لیے کام کرنے والی تنظیم کے مطابق یورپ اور ایشیاء میں برڈ فلو وائرس کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے، برڈ فلو وائرس کے یورپ اور ایشیائی ممالک میں متعدد کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ان ممالک میں لاکھوں مرغیوں کو تلف کردیا گیا ہے جب کہ پولٹری انڈسٹری کو شدید خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔


عالمی ادارے کے مطابق وائرس انسانوں میں منتقل ہورہا ہے، چین میں 21 افراد میں برڈ فلو وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ جنوبی کوریا میں لاکھوں مرغیوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی جن کو تلف کردیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ جاپان کی وزارت زراعت کی جانب سے جاری بیان میں بھی پولٹری فارم میں وائرس کی تصدیق کی گئی ہے۔

دوسری جانب یورپی ملک ناروے میں برڈ فلو وائرس کی خطرناک قسم H5N1 کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ بیلجئیم، فرانس اور ہالینڈ نے وائرس کی کیسز سامنے آنے کے بعد پولٹری مصنوعات کو انڈور رکھنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
Load Next Story