غداری کیس مشرف آج عدالت میں پیش ہونگے یا نہیں سرپرائز دینگے قصوری

پولیس عدالتی احکام کی تعمیل سے متعلق رپورٹ پیش کریگی،حکمت عملی طے کرلی، وکلا، ایم کیو ایم اور اے پی ایم ایل کے مظاہرے

سابق صدر پیش نہ ہوئے تو پراسیکیوٹر ملزم کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری اور ضامن کو طلب کرنے کی استدعا کریں گے۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز/فائل

پرویز مشرف کے خلاف غداری کے مقدمے کی سماعت آج ہوگی، خصوصی عدالت نے سابق فوجی آمر کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انھیں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

اسلام آباد پولیس کی طرف سے وارنٹ کی تعمیل ہونے کی رپورٹ بھی تیار کرلی گئی ہے جو آج عدالت میں پیش کی جائیگی ۔ اسکے باوجود پرویز مشرف پیش نہ ہوئے تو پراسیکیوٹر ملزم کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے اور ضامن کو عدالت طلب کرنے کی استدعا کریں گے جبکہ وکلئیا صفائی وارنٹ گرفتاری چیلنج کرنے کی درخواست کی سماعت مکمل ہونے تک کارروائی ملتوی کرنے کی درخواست کریں گے۔




دوسری جانب پرویز مشرف کے وکیل احمد رضا قصوری نے کہا کہ پرویز مشرف عدالت میں پیش ہوں گے یا نہیں ، یہ سرپرائز ہے جو کہ ملک و قوم کیلیے بہتر ہو گا، اس حوالے سے حکمت عملی طے کر لی گئی ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ پرویز مشرف پاکستان کے غدار نہیں ہیں۔ دریں اثنا ایم کیو ایم اور آل پاکستان مسلم لیگ کے کارکنوں نے اسلام آباد میں مظاہرہ کیا جبکہ کراچی میں ریس کلب کے باہر علامتی بھوک ہڑتال کی، سابق فوجی آمر کی جماعت آج سے مظاہروں کا سلسلہ شروع کرے گی،کارکنوں کوشام 4 بجے نیشنل پریس کلب کے باہر جمع ہونے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

Recommended Stories

Load Next Story