کراچی مختلف علاقوں میں فائرنگ سے 4 افراد ہلاک

ضعیف العمرشخص کی لاش ملی، نیوکراچی میں ملزمان کی کوچنگ سینٹر میں گھس کرفائرنگ

یوسف پلازہ، نارتھ ناظم آباد، پنجاب کالونی، میٹروول، عوامی کالونی میں کئی افراد نشانہ بنے۔ فوٹو: فائل

SWAT:
مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں 4افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، ایک ضعیف العمر شخص کی لاش ملی۔

سچل تھانے کی حدود سپر ہائی وے سبزی منڈی کے سامنے واقعے داتا ہوٹل کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 26 سالہ نادر علی ہلاک ہوگیا، مقتول پنجاب کے علاقے شہزاد پور کا رہائشی اور ڈرائیور تھا، ایس ایچ او سچل شوکت علی نے ایکسپریس کو بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ جس ہوٹل پر پیش آیا مقتول وہیں رہائش پذیر تھا اور کاروبارکے غرض سے سبزی منڈی آتا جاتا رہتا تھا، واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔ جیکسن کے علاقے کیماڑی اشفاق کالونی گلی نمبر 40 میں موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے 28 سالہ بہادر علی ہلاک ہوگیا، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کو سر اور گردن گولیاں لگی تھیں جبکہ مقتول نے کچھ روز قبل بیوی کو طلاق دی تھی اور اس معاملے پر اس کی اپنے سالے نیاز سے تلخ کلامی اور ہاتھا پائی بھی ہوئی تھی، پولیس عینی شاہدین سے مزید معلومات حاصل کر رہی ہے، مقتول بیروز گار تھا۔ پیر آباد کے علاقے فرنٹئیر کالونی نمبر 2 میں موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان نے مکینک کی دکان پر فائرنگ کر کے 30 سالہ انور خان کو ہلاک کر دیا اور فرار ہوگئے،۔

فائرنگ سے بھگدڑ مچ گئی اور خوف و ہراس پھیل گیا، پولیس کے مطابق مقتول کا آبائی تعلق سوات سے بتایا جاتا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ڈھائی سال قبل مقتول کا ایک بھائی جو کہ پولیس میں ملازمت کرتا تھا اسے بھی اسی طرح فائرنگ کر کے ہلاک کردیا گیا تھا۔ زمان ٹائون کے علاقے کورنگی ڈھائی نمبر سیکٹر 50-C سے ضعیف العمر شخص کی لاش ملی جو پراسرار طور پر ہلاک ہوگیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متوفیکی عمر تقریباً 70 سال کے قریب ہے اور بظاہر اس کے جسم پر نہ تو کوئی چوٹ کا نشان ہے اور نہ ہی کوئی زخم جبکہ اس کے قبضے سے ایسی کوئی چیز برآمد نہیں ہوئی جس سے اس کی شناخت میں مدد مل سکے جبکہ وجہ موت معلوم کرنے کے لیے ایم ایل او نے اجزا کیمیکل کے لیے محفوظ کرلیے ہیں اور میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد ہی وجہ موت معلوم ہو سکے گی۔




ملیر کینٹ کے علاقے سید ولیج میں 3 روز قبل فائرنگ سے زخمی ہونے والے 32 سالہ عبدالقدیر نے دوران علاج زخموںکی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا، ملیر کینٹ تھانے کے ڈیوٹی افسر اسلم نے بتایا کہ عبدالقدیر کو گھر کے قریب 2 ملزمان نے احمد اور ریاض نے مبینہ طور پر فائرنگ کر کے زخمی کیا تھا، واقعہ کسی لڑکی کو بھگا کر شادی کرنے کا معلوم ہوا ہے جو مقتول کا دوست بھگا لے گیاتھا تاہم دونوں ملزمان موقع سے فرار ہیں اور ان کی تلاش میں پولیس چھاپے مار رہی ہے، مقتول محنت کش اور آبائی تعلق شکار پور سے تھا۔ بلا ل کالونی تھانے کی حدود نیو کراچی سیکٹر5-D میں واقع نجی کوچنگ سینٹر میں گھس کر نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کردی اور فرار ہو گئے فائرنگ سے ٹیچر مہتاب،18سالہ طالبہ عمیمہ اور طالب علم فرقان زخمی ہو گئے۔

عوامی کالونی تھانے کی حدود کورنگی سنگر چورنگی کے قریب داماد عبدالکریم نے فائرنگ کر کے ساس شہزادی زوجہ علی خان کو زخمی کردیا، عوامی کالونی پولیس نے فائرنگ کر کے والے داماد عبدالکریم کو گرفتار کر لیا،پولیس کے مطابق واقعہ گھریلو جھگڑے کا نتیجہ ہے۔ اورنگی نمبر10 حنیف آباد میں ڈنڈوں کے وار سے50 سالہ ایوب میمن زخمی ہو گیا۔ نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے یوسف پلازہ تھانے کی حدود ایف بی ایریا بلاک 16میں شیل پیٹرول پمپ کے سامنے چھولے کا ٹھیلا لگانے والا34 سالہ محمد شفیق، بغدادی تھانے کی حدود میں18سالہ ثمینہ دختر الطاف حسین، فریئر تھانے کی حدود پنجاب کالونی گلی10مدنی مسجد کے قریب 60 سالہ چوہدری محمد شریف، تیموریہ کے علاقے نارتھ ناظم آباد فائیو اسٹار چورنگی کے قریب45 سالہ مفیظ جبکہ سائٹ اے کے علاقے میٹروول میں 50 سالہ یار جان اور 55 سالہ محمد خان شدید زخمی ہوگئے۔
Load Next Story