آئی ایم ایف کی اگلی ڈیل سے پہلے پاکستان سے 5 مطالبے پوری کرنے کی شرط

ٹیکس چھوٹ کا خاتمہ، اسٹیٹ بینک کی خود مختاری بھی شامل، بجلی کے نرخ بڑھانے کا مطالبہ پورا کرچکے، شوکت ترین


ویب ڈیسک November 16, 2021
بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا مطالبہ پورا کرچکے، ٹیکس استثنی کا خاتمہ اور اسٹیٹ بینک کی خود مختاری کے بل تیار کر لیے ہیں، مشیر خزانہ (فوٹو : فائل)

آئی ایم ایف نے پاکستان سے اگلی ڈیل کے لیے پانچ مطالبے پورے کرنے کی شرط عائد کردی جن میں ٹیکس چھوٹ کا خاتمہ اور اسٹیٹ بینک کی خود مختاری بھی شامل ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ جلد ڈیل ہوجائے گی، آئی ایم ایف نے ڈیل سے پہلے 5 پیشگی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے جن میں ٹیکس چھوٹ کا خاتمہ، اسٹیٹ بینک کی خود مختاری بھی شامل ہیں جب کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا مطالبہ پورا کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکس استثنی کا خاتمہ اور اسٹیٹ بینک کی خود مختاری کے بل تیار کر لیے ہیں، وزارت قانون، قانونی بلز کے مسودے کو حتمی شکل دے رہی ہے، کرنسی ریٹ اور مانیٹری پالیسی اسٹیٹ بینک کا دائرہ کار ہے۔

شوکت ترین کا کہنا تھا کہ اس سال شرح نمو 5 فیصد سے زیادہ رہے گی، ہم غریبوں کو امداد دیں گے اور انہیں بغیر شرح سود کے قرض فراہم کریں گے، آئندہ 4 سال میں حکومت 1400 ارب روپے کامیاب پاکستان پروگرام پر خرچ کرے گی۔

انہوں نے بتایا کہ کامیاب جوان پروگرام کے لیے آئندہ چار سال میں ایک سو 40 ارب روپے کے قرض دیں گے، احساس پروگرام کے لیے 260 ارب روپے رکھے گئے ہیں اور احساس راشن کے لیے 350 ارب روپے مختص کر رہے ہیں۔

مشیر خزانہ نے کہا کہ کورونا کے دوران بھی کاروبار کو مالی وسائل فراہم کیے، حکومت غریبوں کے لیے وہ کر رہی ہے جو ضروری تھا، آئی ایم ایف پروگرام کے باوجود غریبوں کی مدد کریں گے، حکومت کا یہ کام ہے کہ سماجی فلاح کے لیے کام کرے لیکن فنڈز کی کمی باعث مشکل ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے سماجی فلاح کے منصوبے شروع کیے ہیں، حکومت 5 فیصد معاشی ترقی کا ہدف رواں مالی سال حاصل کرے گی، معاشی شرح نمو کا اثر پائیدار ہونے کی شرط پر عوام تک پہنچے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں