سندھ فیسٹیول کامیاب فلم عالمی میلے میں نامزد کی جائے گی بلاول

سندھ فیسٹیول کے انعقاد سے دنیا بھر میں پاکستان کا امیج بہتر ہوگا، بلاول

سندھ فیسٹیول کے انعقاد سے دنیا بھر میں پاکستان کا امیج بہتر ہوگا، بلاول۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

ISLAMABAD:
پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں کامیاب ہونے والی فلم کو لندن کے انٹرنیشنل فلم میلے میں بھی نامزدگی کے لیے بھیجا جائے گا۔


جمعرات کو الائنس فرانسیس کے زیر اہتمام بین الاقوامی سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جب سے سندھ فیسٹیول کا آغاز ہوا ہے اور اس کے مختلف مراحل طے پا رہے ہیں، اس کے انعقاد سے متعلق بہت پرجوش پیغامات وصول ہورہے ہیں۔ اس موقع پر فرانس کے سفیر Philippe Thiebaud نے اپنے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری کو سندھ فیسٹیول کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ انھوں نے مزید کہا کہ سندھ فیسٹیول کے انعقاد سے دنیا بھر میں پاکستان کا امیج بہتر ہوگا، کراچی لٹریچر فیسٹیول کا مسلسل انعقاد بھی ایک اہم قدم ہے جس سے کراچی اور پاکستان کا سوفٹ امیج ابھر رہا ہے۔

فرانسیسی سفیر نے کہا کہ پچھلے 60 برسوں سے الائنس فرانسیس پاکستان میں ثقافتی اور ادبی حلقوں میں اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان پل کا کردار ادا کررہا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے فرانس کے سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انھیں سندھ فیسٹیول کے موئن جو دڑو میں بھر پور افتتاحی پروگرام کے بعد دنیا بھر سے بہت حوصلہ افزا اور ستائشی پیغامات موصول ہورہے ہیں، اس پروگرام کے انعقاد کے بعد سے بہت سے لوگوں کو پتہ چلا کہ موئن جو دڑو بھی سندھ، پاکستان اور دنیا میں موجود ہے ورنہ بین الاقوامی سطح پر بہت سے لوگ موئن جو دڑو کے نام سے بھی ناواقف تھے۔ سندھ فیسٹیول کے مزید پروگراموں کے متعلق بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ چاہیں گے کہ لوگ ان تمام پروگراموں میں بھر پور شرکت کریں۔
Load Next Story