ٹی 20 کے طوفان نے آسٹریلیا کا رخ کرلیا

ایک سال بعدکینگروز کے دیس میں چوکوں چھکوں کی برسات،7وینیوزپر45 میچز،فائنل میلبورن میں شیڈول


Sports Desk November 17, 2021
پاکستان پہلے ہی سپر12 راؤنڈ میں نشست بک کرا چکا،سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کوالیفائنگ میچز کھیلیں گے ۔ فوٹو : سوشل میڈیا

ANKARA: ٹی 20 کے طوفان نے آسٹریلیا کا رخ کرلیا لہٰذا ایک سال بعد کینگروز کے دیس میں چوکوں چھکوں کی برسات ہوگی۔

اومان اور متحدہ عرب امارات میں تقریباً ایک ماہ تک رنگ جمانے کے بعد ٹی 20 کے طوفان کا رخ اب آسٹریلیا کی جانب ہوگیا ہے، جہاں پر آئندہ برس مختصر فارمیٹ کا ورلڈ کپ کھیلا جائے گا، 16 اکتوبر سے 13 نومبر تک شیڈول ٹورنامنٹ کیلیے7 وینیوز کا اعلان کردیا گیا جہاں پر 45 میچز ہوں گے، ان میں ایڈیلیڈ، برسبین، جیلونگ، ہوبارٹ، میلبورن، پرتھ اور سڈنی شامل ہیں۔

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل 13 نومبر 2022 کو میلبورن کرکٹ گراؤنڈ پر مصنوعی روشنیوں میں کھیلا جائے گا، سیمی فائنلز کی میزبانی بالترتیب سڈنی اور ایڈیلیڈ 9 اور 10 تاریخ کو کریں گے، آسٹریلیا اپنی سرزمین پر ٹائٹل کا دفاع کرے گا جو اس نے نیوزی لینڈ کو زیر کرکے حاصل کیا تھا۔

دونوں فائنلسٹ کے ہمراہ پاکستان، افغانستان، انگلینڈ، بھارت، بنگلادیش اور جنوبی افریقہ رینکنگ کی بنیاد پر اگلے ٹورنامنٹ کے سپر 12 راؤنڈ کی ٹکٹ کٹوا چکے ہیں، سری لنکا کو ایک بار پھر ابتدائی راؤنڈ کے مرحلے سے گزرنا پڑے گا، جہاں پر اسے ویسٹ انڈیز، نمیبیا اور اسکاٹ لینڈ جوائن کریں گے،دیگر4 ٹیموں کا فیصلہ آئندہ برس فروری میں اومان اور جون جولائی میں زمبابوے میں ہونے والے کوالیفائنگ ٹورنامنٹس سے ہوگا۔

آئندہ برس آسٹریلیا میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں بھی مجموعی طورپر 16 ٹیمیں ہی حصہ لیں گی،البتہ انھیں یکسر مختلف کنڈیشنز کا سامنا کرنا پڑے گا، جہاں فاسٹ بولرز باؤنسی پچز پر بیٹرز کا دل دہلانے کیلیے موجود ہوں گے مگر وہاں پر اسی رفتار سے بہترین تکنیک کے حامل بیٹرز گیند کو تواتر کے ساتھ باؤنڈریز کی بھی سیر کرائیں گے۔

آئی سی سی کی جانب سے میچز سے گراؤنڈ میں بیٹھ کر لطف اندوز ہونے کے خواہشمند شائقین کی رجسٹریشن کا عمل شروع ہوگیا ہے۔ رجسٹرڈ شائقین کو ٹکٹوں کی فروخت میں ترجیح دی جائے گی۔

ہیڈ آف ٹورنامنٹ کرس ٹیٹلی نے کہاکہ ہم آئی سی سی ایونٹ کی آسٹریلیا واپسی کے متظر ہیں، ہمیں میگا ایونٹ کے 7 میزبان شہروں کا اعلان کرتے ہوئے بہت زیادہ خوشی محسوس ہورہی ہے۔ یہاں پر 2020 کے ویمنز ٹی 20 ایونٹ کی بے مثال کامیابی کے بعد ہم اب 2022 کے ٹورنامنٹ کو بھی یادگار بنانے کی منصوبہ بندی شروع کررہے ہیں، اس میں ہمیں مقامی آرگنائزنگ کمیٹی کی خدمات بھی حاصل ہوں گی، 12 ٹیموں کا پہلے ہی تعین ہوچکا، اب ہم یہ دیکھنے کے منتظر ہیں کہ انھیں جوائن کرنے والی دیگر4 ٹیمیں کون سی ہوں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں