وزیراعظم عمران خان کے جانے کا وقت آگیا ہے ان کا وقت کم رہ گیا ہے مراد علی شاہ

حکومت کو دیکھ کر یہی سمجھ آتا ہے کہ ہم تو ڈوبے ہیں صنم تم کو بھی لے ڈوبیں گے، وزیر اعلیٰ سندھ


ویب ڈیسک November 17, 2021
جو ہوائیں اسلام آباد میں چل رہی ہیں اس کا اثر کراچی تک ہوتا ہے، وزیر اعلیٰ سندھ فوٹو: فائل

BEIJING: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے جانے کا وقت آگیا ہے ان کا وقت کم رہ گیا ہے۔

اسلام آباد میں احتساب عدالت کے روبرو پیش ہونے کے بعد میڈیا سے بات کرتے مراد علی شاہ نے کہا کہ کمزور دل کے لوگ سیاست میں نہیں آسکتے، مستقبل میں لوگ عدلیہ، بیوروکریسی اور سول سروس میں بھی نہیں آئیں گے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ موجودہ حکومت کو آئین کی کوئی سمجھ نہیں، حکومت میں نااہل، کم عقل اور ناسمجھ لوگ جمع ہوگئے ہیں، حکومت کو دیکھ کر یہی سمجھ آتا ہے کہ ہم تو ڈوبے ہیں صنم تم کو بھی لے ڈوبیں گے، جو نااہل لوگ جو آئین کی پاسداری نہیں کرتے وہ ملک کیا چلائیں گے، اگر کوئی افسر صوبے میں صحیح کام کر رہا ہے تو وفاق اسے صوبے سے نکال دیتی ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ مردم شماری کے ریکارڈ میں سندھ کی آبادی صحیح طرح نہیں لکھی گئی، ہم نے مردم شماری کو چیلنج کر رکھا ہے، ہم نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کے لیے صدر پاکستان کو خط لکھا لیکن ہمارے خط کا کوئی جواب نہیں دیا گیا، آئندہ انتخابات میں دھاندلی کے لیے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلالیا گیا۔ جو ہوائیں اسلام آباد میں چل رہی ہیں اس کا اثر کراچی تک ہوتا ہے، وزیراعظم عمران خان کے جانے کا وقت آگیا ہے اور وہ جلد جائیں گے، ان کا وقت کم رہ گیا ہے۔

اس سے قبل اسلام آباد کی احتساب عدالت میں نوری آباد پاور پلانٹ میں مبینہ منی لانڈرنگ سے متعلق کیس کی سماعت کی، وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ سمیت دیگر ملزمان پیش ہوئے، نیب نے ملزم نیاز احمد شیخ کی بریت کی درخواست پر جواب جمع کروا دیا، عدالت نے نیاز شیخ کی بریت کی درخواست پر آئندہ سماعت پر دلائل طلب کر لیے، ملزم سلطان فاروق اور حسن رضا کی عدم پیشی کے باعث دیگر ملزمان پر بھی فرد جرم عائد نہ ہوسکی، عدالت نے سماعت مزید کارووائی کیلئے 8 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں