کرپٹ نظام سے فائدہ اٹھانے والے تبدیلی نہیں آنے دیتے وزیراعظم

مرے ہوئے لوگوں کے ووٹوں کا اندراج کرایا ہوا ہے، کرپٹ نظام سے فائدہ اٹھانے والے جدت نہیں لانا چاہتے، عمران خان


ویب ڈیسک November 18, 2021
مرے ہوئے لوگوں کے ووٹوں کا اندراج کرایا ہوا ہے، کرپٹ نظام سے فائدہ اٹھانے والے جدت نہیں لانا چاہتے، عمران خان (فوٹو : فائل)

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جو لوگ پرانے کرپٹ نظام سے فائدہ اٹھا رہے ہیں وہ تبدیلی نہیں آنے دیتے، مرے ہوئے لوگوں کے ووٹوں کا اندراج کرایا ہوا ہے، کرپٹ نظام سے فائدہ اٹھانے والے جدت نہیں لانا چاہتے۔

وزیراعظم عمران خان نے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ڈیجیٹل پورٹل کے آغاز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے ہم نے کبھی اوورسیز پاکستانیوں کو اثاثہ نہیں سمجھا، اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے ہر حکومت ان کی قدر کرے گی، اوورسیز پاکستانیوں کو ملکی جمہوریت میں شامل کرلیا ہے، اوورسیز پاکستانیوں کے لیے پاور آف اٹارنی کا بڑا مسئلہ تھا ہم نے ان کا یہ معاملہ بھی حل کیا۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی نے دنیا کو بدل دیا ہے، ٹیکنالوجی استعمال نہ کرنے سے زیادہ احمقانہ بات اور کیا ہوسکتی ہے اس لیے ہمیں الیکٹرونک ووٹنگ مشین کی منظوری سے بہت خوشی ہوئی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ جو لوگ پرانے کرپٹ نظام سے فائدہ اٹھا رہے ہیں وہ تبدیلی نہیں آنے دیتے، مرے ہوئے لوگوں کے ووٹوں کا اندراج کرایا ہوا ہے، کرپٹ نظام سے فائدہ اٹھانے والے جدت نہیں لانا چاہتے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایف بی آر میں آٹومیشن کی کوشش کی لیکن اسے ایف بی آر نے ہی رکوا دیا، یوٹیلیٹی اسٹورز میں جانچ کے لیے اقدامات کا فیصلہ کیا لیکن یوٹیلیٹی اسٹور میں کام کرنے والوں نے ہی اسٹے آرڈر لے لیا، گزشتہ سال 15 لاکھ ووٹ ضائع ہوئے، پاکستان کا مسئلہ ہی یہ ہے کہ کرپٹ سسٹم کو بچانے والے بیٹھے ہیں، لیکن امید ہے ای وی ایم سے تمام مسائل حل ہو جائیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ 1970ء کے بعد الیکشن شفاف نہیں ہوئے، تین سال کی کوشش کے بعد ٹریک اور ٹریس سسٹم لا رہے ہیں، ای وی ایم سے دھاندلی کے تمام راستے بند ہو جائیں گے، اپوزیشن سمندرپار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کی کیوں مخالف ہے، اوورسیز پاکستانیوں کے پیسے سے ملک چلتا ہے لیکن ان کے پاس ووٹ کا حق نہیں تھا جو کہ غلط تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں