پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے بنگلا دیش کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی

قومی ٹیم کی جانب سے فخرزمان اور خوشدل نے 34،34 رنز بنائے

قومی ٹیم کی جانب سے فخرزمان اور خوشدل نے 34،34 رنز بنائے - فوٹو:اے ایف پی

پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے بنگلا دیش کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی۔

ڈھاکا میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے بنگلا دیش کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے شکست دیدی۔ بنگلا دیش کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز محمد رضوان اور بابراعظم نے کیا تاہم دونوں اوپنرز صرف 22 رنز کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے جب کہ چوتھے اور پانچویں نمبر پر آنے والے حیدر علی اور شعیب ملک بھی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔

24 رنز پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد قومی ٹیم مشکلات کا شکار ہوگئی جس کے بعد فخرزمان اور خوشدل نے مزاحمت کی اور اسکور کو آگے بڑھایا، دونوں کے درمیان 56 رنز کی شراکت قائم ہوئی تاہم فخر 34 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ کچھ ہی دیر بعد خوشدل بھی 34 رنز بناکر پولین لوٹ گئے۔


خوشدل اور فخر کے آؤٹ ہونے کے بعد محمد نواز اور شاداب خان نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 30 رنز کی شراکت قائم کی جس کی بدولت قومی ٹیم نے 127 رنز کا ہدف 19.2 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

اس سے قبل بنگلادیش نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اننگز کا آغاز محمد نعیم اور سیف حسن نے کیا تاہم دونوں اوپنرز خاص آغاز فراہم نہ کرسکے اور صرف 10 رنز کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئے، ون ڈاؤن آنے والے کھلاڑی نجم الحسن بھی صرف 7 رنز بناسکے اور آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان کی شاندار بولنگ کے آگے بنگلا دیشی کھلاڑی بے بس دکھائی دیے تاہم مہدی حسن اور عاطف حسین نے مزاحمت کی کوشش کی جس کے نتیجے میں بنگلا دیشی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز بناسکی۔

پاکستان کی جانب سے حسن علی نے زبردست بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 22 رنز دیکر 3 وکٹیں حاصل کیں، محمد وسیم نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ شاداب اور نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
Load Next Story