شوہروں کے بہکنے کا خوف خواتین نے شراب کی دکان ہی تباہ کردی

نہ رہے گا بانس ، نہ بجے گی بانسری، بیویوں کی منطق


ویب ڈیسک November 19, 2021
خواتین کے شراب کی دکان پر حملے کی ویڈیو وائرل ہوگئی، فوٹو: فائل

بھارت میں شوہروں کے بہک جانے اور ساری رقم نشے میں لُٹانے کے خوف سے پریشان بیویوں نے دھاوا بول کر شراب کی دکان کو تباہ کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کرناٹک کے دور دراز گاؤں مسلا پور میں شراب کی نئی دکان کھولی گئی تھی جس پر خواتین نے مالک سے دکان بند کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمارے شوہر کام دھندہ چھوڑ کر نشہ کرنے لگیں گے۔

اس سے قبل بھی مسلا پور کی خواتین پُر امن احتجاج کے ذریعے شراب کی دکانیں بند کروا چکی ہیں تاہم اس بار دکاندار نے شراب کا اسٹور بند کرنے سے انکار کردیا جس پر خواتین بھپر گئیں اور دکان پر دھاوا بول دیا۔

خاتون پولیس اہلکاروں کی ہر کوشش کو ناکام بناتے ہوئے لاٹھی بردار خواتین کے جتھے نے شراب کی بوتلیں، کرسیاں اور میزیں توڑ دیں اور دکان کو بری طرح نقصان پہنچا کر تالا بھی لگا دیا۔

مشتعل خواتین نے دھمکی دی کہ اگر گاؤں میں دوبارہ شراب کا اسٹور کھولنے کی کوشش کی گئی تو ہم اپنے گھروں کو بچانے کے لیے اس دکان کو بھی اسی طرح برباد کردیں گے۔



خواتین کی شراب کی دکان میں توڑ پھوڑ کی ویڈیو وائرل ہوگئی جس پر صارفین نے خواتین کی ہمت داد دیتے ہوئے کہا کہ نشے کی لعنت کے خاتمے کے لیے ہم سب کو مزاحمت کرنی چاہیئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں