سہراب گوٹھ میں رینجرز کا سرچ آپریشن 3 دہشت گردوں سمیت ایک درجن سے زائد مشتبہ افراد گرفتار

رینجرز نے بلدیہ ٹاؤن میں ایک دکان پر 2 کلو وزنی بم نصب کرنے کی کوشش بھی ناکام بنا دی۔


ویب ڈیسک February 07, 2014
چھاپے کے دوران رینجرز نے 4 کلاشنکوف، 10 ریپیٹر اور متعدد پستول بھی برآمد کئے۔ فوٹو؛ فائل

BENGHAZI: رینجرز کی بھاری نفری نے سہراب گوٹھ میں ٹارگیٹیڈ سرچ آپریشن کر کے 3 دہشت گردوں سمیت ایک درجن سے زائد مشتبہ افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق رینجرز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر سہراب گوٹھ میں نعمان ٹاور میں سرچ آپریشن کر کے 3 دہشت گردوں سمیت ایک درجن سے زائد مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا، آپریشن کے دوران رینجرز نے نعمان ٹاور کے داخلی و خارجی راستے بند کر دیئے اور خواتین رینجرز اہلکاروں کی مدد سے گھر گھر تلاشی بھی لی گئی، چھاپے کے دوران رینجرز نے 4 کلاشنکوف، 10 ریپیٹر اور متعدد پستول بھی برآمد کئے۔ گرفتار کئے گئے افراد کو تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب رینجرز نے بلدیہ ٹاؤن میں ایک دکان پر بم نصب کرنے کی کوشش ناکام بنا دی تاہم ملزمان زخمی حالت میں فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پولیس اور رینجرز حکام کو اطلاع ملی کہ 2 مشتبہ افراد بلدیہ ٹاؤں کی مدینہ کالونی میں 24 کی مارکیٹ میں بیٹری کی دکان کے باہر بم نصب کر رہے ہیں جس پر پولیس اور رینجرز حکام نے موقع پر پہنچ کر کارروائی کی تاہم ملزمان موقع سے زخمی حالت میں فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر 2 کلو وزنی بم کو ناکارہ بنایا، بم میں بارودی مواد کے ساتھ ساتھ بال بیرنگ کا استعمال بھی کیا گیا تھا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بیٹری کی دکان کے مالک کو گزشتہ کئی ماہ سے بھتے کی پرچیاں دی جا رہی تھیں اور گزشتہ برس بھی اس دکان پر بھتہ نہ دینے پر حملہ کیا جا چکا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔