بینک کیشیئر کو ہپناٹائز کر کے لاکھوں روپے لے جانے والا پکڑا گیا

ملزم کے قبضے سے 5 ہزار روپے کے 28 نوٹ برآمد ہوئے جس کی مالیت ایک لاکھ 40 ہزار روپے بنتی ہے

ملزم کے قبضے سے 5 ہزار روپے کے 28 نوٹ برآمد ہوئے جس کی مالیت ایک لاکھ 40 ہزار روپے بنتی ہے - فوٹو:فائل

نیو کراچی میں بینک کیشیئر کو ہپناٹائز کر کے نقدی لے جانے والے نوسرباز کو عملے نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس نے بینک مینجر کی مدعیت میں ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ بینک مینجر نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ نیو کراچی مسلم ٹاؤن سیکٹر الیون ایچ میں واقع نجی بینک میں بحیثیت آپریشنل مینجر ہوں، دوران ڈیوٹی کیشیئر عمر خان نے بتایا کہ ایک شخص کاؤنٹر نمبر 5 کی خاتون کیشیئر طلعت اسمٰعیل سے 5 ہزار کے نوٹ کی گڈی سے نوٹ نکال کر چلا گیا جس پر انہوں نے عمر خان کے ہمراہ باہر جا کر مذکورہ شخص کو پکڑا اور بینک میں لاکر خاتون کیشئر سے معلومات حاصل کی۔


بینک مینجر کے مطابق انہوں ںے بتایا کہ ایک شخص آیا اور اس نے 50 روپے کے نوٹ کی گڈی دیکر 5 ہزار روپے کا نوٹ مانگا جس پر اسے میں نوٹ دے رہی تھی تو اس نے مجھے ہپناٹائز کر کے اس گڈی میں سے 5 ہزار روپے کے 28 نوٹ نکال لیے جس کی مالیت ایک لاکھ 40 ہزار روپے بنتی، جس پر اس نے دیگر اسٹاف کو آگاہ کیا۔ بعدازاں سی سی ٹی وی فوٹیج کو بھی چیک کیا گیا اور بینک کے دیگر اعلیٰ افسران کو بھی واقعے سے آگاہ کیا۔

بینک مینجر نے نوسرباز ولید علی کو پولیس کے حوالے کر دیا جبکہ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ نمبر 998 سال 2021 بجرم دفعہ 380 اور 420 کے تحت درج کرلیا۔ پولیس کے مطابق مذکورہ واقعہ چند روز قبل 17 نومبر کو پیش آیا تھا جبکہ نوسرباز ولید رقم قبضے میں لیکر بینک سے فرار ہونے کے دوران قریب ہی نالے میں گر گیا تھا جسے موقع پر موجود شہریوں اور بینک کے عملے نے باہر نکالا تھا۔
Load Next Story