گھروں کے سامنے کھڑی گاڑیاں چوری ہونے کے واقعات بڑھ گئے

شہر میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی چوری کے بڑھتے ہوئے واقعات نے شہریوں کو مشکلات سے دوچار کر دیا


Staff Reporter November 20, 2021
 نیو کراچی یوپی موٹر سائیکل مارکیٹ میں گھر کے سامنے کھڑی کار چرالی گئی،پولیس چور کاسراغ نہیں لگا سکی ۔ فوٹو : فائل

شہر میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی چوری کے بڑھتے ہوئے واقعات نے شہریوں کو مشکلات سے دوچار کر دیا۔

ایک جانب اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کی جانب سے ملزمان کی گرفتاریوں اور گاڑیاں و موٹر سائیکلیں برآمدگی کے دعوے سامنے آرہے ہیں تو دوسری جانب گھروں کے سامنے اور سڑکوں پر پارک کی گئی گاڑیاں چوری کرنے کا سلسلہ تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہا۔

نیوکراچی مسلم ٹاؤن سیکٹر الیون ای یو پی سوسائٹی موٹرسائیکل مارکیٹ کے قریب رہائش پذیر دانیال نے بتایا کہ انھوں نے ایک ہفتے قبل ہی ہنڈا سوک رجسٹریشن نمبر اے ایف جی 568 آٹو میٹک ماڈل 2003 گاڑی خریدی تھی جو کہ گھر کے سامنے ہی پارک کی جاتی تھی۔

تاہم چند روز قبل فجر کی نماز کے وقت نامعلوم ملزم مذکورہ کار چوری کر کے فرار ہوگیا جس کی فوٹیج بھی ہے تاہم فاصلہ اور اندھیرا ہونے کی وجہ سے ملزم واضح طور پر دکھائی نہیں دے رہا تاہم گاڑی اسٹارٹ اور ہیڈ لائٹ جلا کر گاڑی جاتے ہوئے دکھائی دے رہی ہے۔

انھوں نے بتایا گاڑی چوری ہونے کا مقدمہ نیو کراچی تھانے میں درج کرا دیا گیا ہے، اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل پولیس اب تک گاڑی کا سراغ لگانے میں ناکام دکھائی دیتی ہے ، واضح رہے کہ شہر میں اسٹریٹ کرائم کے ساتھ ساتھ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی چوری و چھینے جانے واقعات نے شہریوں کو شدید مشکلات سے دوچار کیا ہوا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک جانب گاڑیوں و موٹر سائیکلوں کو چوری و چھیننے کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کی گرفتاریوں کے دعوے سامنے آتے ہیں تو دوسری جانب روزانہ کی بنیاد پر شہریوں کی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے چوری و چھین جانے کے واقعات بھی بدستور جاری ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں