سشمیتا سین نے سرجری کا انکشاف کر کے مداحوں کو پریشان کردیا

مداح پریشان نہ ہوں، میں صحت یاب ہو رہی ہوں لیکن اس میں تھوڑا وقت لگے گا، اداکارہ


ویب ڈیسک November 20, 2021
مداح پریشان نہ ہوں، میں صحت یاب ہو رہی ہوں لیکن اس میں تھوڑا وقت لگے گا، اداکارہ - فوٹو:فائل

سابق مس انڈیا اور بالی وڈ کی سپر ہِٹ فلموں کی اداکارہ سشمیتا سین نے سرجری کروانے کی خبر دے کر مداحوں کو حیران کر دیا ہے۔

سشمیتا سین نے گزشتہ روز 19 نومبر کو اپنی 46 ویں سالگرہ منائی ہے۔ انسٹاگرام پر اپنی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے اداکارہ نے لکھا کہ میں اپنے تمام چاہنے والوں کا تہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے سالگرہ کی مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا، مجھے ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے میں نے دوسری بار جنم لیا ہو اور اسے میں الفاظ میں بیان نہیں کر سکتی۔

سشمیتا سین نے مزید لکھا کہ میں آپ سب کو ایک راز کی بات بتانا چاہتی ہوں، 'آریا 2' کی شوٹنگ مکمل کرنے کے بعد میں نے اپنی صحت کو بہتر کرنے پر توجہ دی، 16 نومبر کو میری ایک کامیاب سرجری ہوئی اور اب ہر گزرتے دن کے ساتھ میں بہتر سے بہتر محسوس کر رہی ہوں۔


سرجری کا سن کر کمنٹ باکس میں مداحوں کے پیغامات کی بارش شروع ہوگئی۔ مداحوں نے جہاں انہیں دعائیں دیں وہیں سرجری سے متعلق تفصیلات فراہم کرنے کی بھی درخواست کی۔

مداحوں کی پریشانی اور سوالات کے بعد سشمیتا سین نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں انہوں نے بتایا کہ میری سرجری کا سن کر آپ لوگ پریشان ہوگئے، میں بالکل خیریت سے ہوں، اگر مجھے کچھ ہوتا تو میں آپ لوگوں کو ضرور اطلاع دیتی۔

سشمیتا سین نے مزید کہا کہ ''آپ لوگوں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، میں صحت یاب ہو رہی ہوں لیکن اس میں تھوڑا وقت لگے گا''۔ مگر اداکارہ کی جانب سے سرجری کی کوئی تفصیل مداحوں کے ساتھ شیئر نہیں کی گئی۔




تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں