سرد موسم شروع نزلہ زکام کھانسی کا مرض پھیل گیا

نزلہ زکام نے شہریوں میں دوبارہ کورونا کا خوف پیدا کردیا

سردیوں میں ناک بہنا ، زکام، کھانسی، بخار، سانس کا تیز چلنا بچوں میں پیدا ہونے والی عام علامات ہیں ۔ فوٹو : فائل

کراچی میں سرد موسم شروع ہوتے ہی نزلہ،زکام ،کھانسی اور الرجی کی بیماریاں جنم لینا شروع ہوگئیں۔

موسمی نزلہ زکام نے شہریوں میں دوبارہ کورونا کاخوف پیدا کردیا ،جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر پروفیسر ظارق رفیع اور جناح اسپتال کے ای این ٹی شعبے کے سربراہ پروفیسر رزاق ڈوگر کا کہنا ہے موسم کی تبدیلی کے ساتھ بیماریاں شروع ہوجاتی ہیں۔


لہٰذا شہری موجودہ موسم میں ٹھنڈی اور کھٹی اشیا کا استعمال ہرگز نہ کریں اس موسم میں دن میں گرمی اور شام میں خنکی ہوجاتی ہے شہریوں کی اکثریت اس موسم میں ٹھنڈا پانی اور کولڈرنک پی رہے ہیں جس کی وجہ سے گلے میں سوزش،نزلہ،زکام کا مرض تیزی سے پھیل رہا ہے جبکہ بعض افراد میں اس مرض کی شدت کی وجہ سے بخار بھی ہورہا ہے لہٰذا اس موسم میں کھانے پینے میں احتیاط کریں،دن میں ٹھنڈا پانی پینے سے اجتناب کریں، موسم میں خشکی کی وجہ سے گلا سوکھ جاتا ہے اور خراشیں بھی ہونے کی شکایت ہورہی ہیں۔

ایسی صورتحال میں سادہ پانی زیادہ پیا جائے ،گھر کے تیار کردہ گرم سوپ،یخنی اس موسم میں انتہائی مفید ہیں، ماہرین کا کہنا تھا کہ دن میں 2 موسموں کا سامنا ہے،دن میں دھوپ اور شام میں موسم یکسر تبدیل ہوجاتا ہے ،رات کوپنکھے کے نیچے نہ سوئیں،گلا خراب ہونے کی صورت میں نیم گرم پانی سے صبح شام غرارے کریں،ناک خشک ہونے کی صورت میں کوئی بھی ویز لین ناک میں لگائی جاسکتی ہے۔

ماہرین نے والدین سے کہا کہ صبح کے وقت اسکول جانے والے بچوں کو گرم کپڑے پہنائیں ،رات کے وقت سر کو ڈھانپ کررکھیں جبکہ اکثر دیکھا گیا ہے کہ سرد موسم میں والدین موٹرسائیکل پر چھوٹے بچوں کو بٹھا کر لے جاتے ہیں جس سے بچے کے سر،دماغ اور سینے پر براہ راست سرد ہوائیں پڑتی ہیں جو بچوں کے لیے انتہائی نقصان دہ ہوسکتی ہیں سرد موسم میں بچوں کو موٹر سائیکل پر احتیاط سے لے کر جائیں، ماہرین نے بتایا کہ خشک موسم میں پانی کم پینے سے گلا بار بار خشک ہوتا ہے اسکول جانے والے بچوں کو ابلے ہوئے انڈے کھلائے جائیں ۔
Load Next Story