عمران خان بحرانوں کو جنم دیکر عوام کیلیے مشکلات پیدا کررہے ہیں بلاول

گیس بحران سمیت دیگر عوامی مسائل سے نجات کا واحد حل پی ٹی آئی حکومت کا خاتمہ ہے، چیئرمین پی پی


ویب ڈیسک November 21, 2021
گیس بحران سمیت دیگر عوامی مسائل سے نجات کا واحد حل پی ٹی آئی حکومت کا خاتمہ ہے، چیئرمین پی پی

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ عمران خان مسلسل بحرانوں کو جنم دے کر عوام کے لئے مشکلات پیدا کررہے۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے شہید شاہنواز بھٹو کے یومِ پیدائش پر پیغام میں کہا کہ شہید شاہنواز بھٹو کی جمہوریت کے لئے جدوجہد اور قربانی کو تاریخ کبھی فراموش نہیں کرے گی، شہید شاہنواز بھٹو کی انقلابی سوچ اور عزم ہمارے لئے ہمیشہ مشعلِ راہ رہیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عوام کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہوگئے اور وزراء گیس بحران کے حل کے بجائے مناظروں کے چیلنج میں مصروف ہیں، عمران خان مسلسل بحرانوں کو جنم دے کر عوام کے لئے مشکلات پیدا کررہے ہیں لہذا گیس بحران سمیت دیگر عوامی مسائل سے نجات کا واحد حل پی ٹی آئی حکومت کا خاتمہ ہے۔

چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان گیس بحران کی وجہ سے ایک وقت کے کھانے کے لئے دربدر شہریوں سے معافی مانگیں، اگر حکومت بروقت ایل این جی منگوالیتی تو آج یوں ملک میں گیس کی قلت نہ ہوتی جب کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت کے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کو آج مکمل کرلیا جاتا تو ملک کو توانائی کے بحران کا سامنا نہ ہوتا۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ایک جانب عمران خان نے گیس کی قیمتوں میں سینکڑوں فیصد اضافہ کیا اور دوسری جانب مہنگی گیس بھی عوام کی پہنچ سے دور کردی، گیس بحران سے نمٹنے میں حکومتی نااہلی کی وجہ سے آج صنعتیں اپنے برآمدی آرڈرز تک پورے نہیں کرپارہی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں