پاراچنار بازار میں خودکش کار بم دھماکے سے 14افراد ہلاک 80سے زائد زخمی

دہشتگردوں نے بارودسے بھری گاڑی کشمیرچوک میںکھڑی گاڑیوں سے ٹکرادی ،2افرادموقع پر 12اسپتال اور راستے میں دم توڑ گئے

دہشتگردوں نے بارودسے بھری گاڑی کشمیرچوک میںکھڑی گاڑیوں سے ٹکرادی ،2افرادموقع پر 12اسپتال اور راستے میں دم توڑ گئے ،20کی حالت نازک، درجنوں دکانیں، گاڑیاں بھی تباہ

ISLAMABAD:
کرم ایجنسی کے صدر مقام پاراچنار شہر کے بازار میںکاربم دھماکے کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق اور 80 زخمی ہوگئے،20کی حالت نازک بتائی جاتی ہے، 12کو پشاور منتقل کر دیا گیا۔

عینی شاہدین کے مطابق دہشت گردوں نے بارود سے بھری سفید رنگ کی گاڑی کشمیر چوک میں کھڑی گاڑیوں سے ٹکرا دی جس کے نتیجے میں 2افرادموقع پرجاں بحق اور 80 سے زائد زخمی ہوگئے ،12 افراد اسپتال میں اور راستے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے ، دھماکے کے نتیجے میں 6 گاڑیاں مکمل تباہ جبکہ 20 سے زائد دکانیں بھی زمین بوس ہو گئیں، دھماکے کے مقام پر انسانی اعضا دور دور تک بکھرے گئے ، بارودی مواد میں مارٹر ' راکٹ لانچر کے گولے استعمال کیے گئے تھے۔ جاں بحق 14 افراد میں سے 10کی شناخت ہوگئی جس میں شاہد حسین، سلمان علی ' ہدایت حسین ،اس کا جواں سال بیٹا ماحمد ' منتظر حسین، سید گل آغا، شریف حسین، سید اشاعت حسین، مولانا حاجی اکبر حسین اور ارشدحسین شامل ہیں۔


80 سے زائد زخمیوں میں 2 خواتین' ایف سی اہلکار اور پاک فوج کا ایک اہلکاربھی شامل ہے۔ دھماکے میں استعمال ہونیوالی گاڑی کا انجن نمبر 2120283 جبکہ چیسس نمبر مٹا ہوا تھا۔ ذرائع کے مطابق دھماکے سے قریبی کرسچن کالونی کی دیواروں میں دراڑیں پڑگئیں جبکہ بازار میں بجلی کی سپلائی منقطع ہوگئی ۔ اے ایف پی کے مطابق دھماکا سیکیورٹی فورسز کے قافلے کے قریب ہوا ۔ ادھر شہر کی سیکیورٹی انتہائی سخت کرتے ہوئے پاراچنار کو چاروں طرف سے سیل کردیاگیا۔ دوسری طرف طوری بنگش قبائلی مشران نے ہنگامی اجلاس میں 3روزسوگ اورآج مکمل شٹرڈائون کا اعلان کیا۔

انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ کشمیر چوک میں حملہ آور نے گاڑی حامد مارکیٹ کی ایک دیوار سے ٹکرائی جس میں ہلاکتوں کے علاوہ 30 قریب دکانیں تباہ ہو گئیں۔ کشمیر چوک میں دن کے وقت کافی رش رہتا ہے اور یہاں استعمال شدہ گھڑیاں، ریڈیو اور ٹیپ ریکارڈرز وغیرہ کا کاروبار ہوتا ہے۔واقعہ کی ابھی تک کسی نے ذمہ داری قبول نہیں کی۔ مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق دھماکے میں 16افراد جاں بحق ہوئے۔

دریں اثناء صدر، وزیراعظم، گورنر، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سمیت دیگر اعلیٰ شخصیات نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانی نقصان پرافسوس کااظہارکیاجبکہ وزیرداخلہ نے آئی جی خیبر پختونخوا سے رپورٹ طلب کرلی ۔ علاوہ ازیںایم کیو ایم کے قائدالطاف حسین نے پاراچنارمیں بم دھماکے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اوربم دھماکے میں متعددافرادکی شہادت اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اورافسوس کااظہارکیا ہے۔ ایک بیان میں انھوں نے کہاکہ معصوم انسانوں کے خون سے ہولی کھیلنے والے دین اسلام اور ملک کے کھلے دشمن ہیں۔

Recommended Stories

Load Next Story